کامن ویلتھ گیمز ویمنز ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز( کل ) کھیلے جائیں گے

برمنگھم۔5اگست (اے پی پی):انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں ویمنز ٹی 20کرکٹ ٹورنامنٹ اپنے اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے ۔ ٹورنامنٹ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوچکی ہےجس کے مطابق گروپ اے سے آسٹریلیا اور بھارت اور گروپ بی سے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی خواتین ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز کل (ہفتہ کو) برمنگھم میں کھیلے جائیں گے۔

کامن ویلتھ گیمز کا آغاز 28 جولائی سے انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں ہوچکا ہےجس میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کامن ویلتھ گیمز میں ویمنز ٹی 20کرکٹ ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز کل ہفتہ کو کھیلے جائیں گے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ ویمن کا مقابلہ بھارتی کی خواتین ٹیم سے ہوگاجبکہ دوسرے سیمی فائنل میچ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔واضح رہے کہ گولڈ میڈل کے لئے فائنل میچ اور کانسی کے تمغے کے لئے میچز 7 اگست کو ایجبسٹن ، برمنگھم میں ہی کھیلے جائیں گے۔