لاہور۔7اپریل (اے پی پی):کرغزستان کی بزنس کمیونٹی کی طرف سے پاکستانی تجارتی وفدکو زبردست مثبت ردعمل دونوں ممالک کے درمیان گہرے اقتصادی تعلقات کے روشن امکانات کا عکاس ہے۔یہ بات اتوار کو لاہور میں کرغزستان کے اعزازی قونصلر مہر کاشف یونس نے چوہدری فاران شاہد آرائیں کی قیادت میں برآمد و درآمد کنندگان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جو حال ہی میں کرغزستان کے 2 ہفتے کے دورے کے بعد واپس آئے ہیں۔
مہر کاشف یونس نے کہا کہ وفد نے کرغزستان کے ہم منصبوں اور سرکاری حکام کے ساتھ نتیجہ خیز اور بامعنی ملاقاتیں کیں، بنیادی طور پر وفد کی توجہ پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر کے ساتھ اہم شعبوں خاص طور پر دواسازی، ٹیکسٹائل اور تعلیم میں میں تعاون کی راہیں تلاش کرنے پر مرکوز تھی۔
انہوں نے کہا کہ ان مخصوص شعبوں کے علاوہ وفد نے دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان مجموعی طور پر دوطرفہ تجارتی تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ ان اہداف کے حصول کی طرف ایک اہم قدم ہے
، دونوں ممالک ریسرچ، مینوفیکچرنگ اور سیلز میں شراکت داری کرکے ایک دوسرے کی صلاحیت اور وسائل سے مستفید ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان دونوں کے پاس ٹیکسٹائل کی ہنر مند افرادی قوت اور بھر پور کلچر موجود ہے اور اس شعبے میں تعاون باہمی طور پر فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=455154