کمشنر کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول، کھادوں کی دستیابی،انسداد ڈینگی اورعطائیوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کا انعقاد

Dera Ghazi Khan
Dera Ghazi Khan

سرگودھا ۔23ستمبر (اے پی پی):کمشنر محمد اجمل بھٹی نے عطائیوں کی سرگرمیوں کا نوٹس لیتے ہوئے ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو عطائیوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ڈویژن بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے روزانہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے اجلاس کر کے اُن کی کارروائیوں پر مبنی رپورٹ کمشنر دفتر بھجوانے کے احکامات بھی جاری کیے۔کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو پرائس کنٹرول کے حوالے سے سخت اقدامات اُٹھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

وہ ہفتہ کو اپنے دفترمیں پرائس کنٹرول، کھادوں کی دستیابی اور انسداد ڈینگی سرگرمیوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) میانوالی خالد گورائیہ سمیت لوکل گورنمنٹ میونسپل کارپوریشن اور دیگر محکموں کے متعلقہ افراد بھی شریک ہوئے۔

کمشنر نے چاروں اضلاع میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے، تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی وارڈ بنانے کے علاوہ ڈپٹی کمشنرز کو عوام الناس میں ڈینگی کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے بارے میں ویڈیو پیغام ریکارڈ کروا کر جاری کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے انسداد ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کو بھی غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈویژن بھر میں ڈینگی کے خلاف سرگرمیاں نظر آنی چاہیے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سرگودہا میں اس وقت ڈینگی کے 16 کنفرم کیس ہے جبکہ بھکر اور خوشاب میں کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، اسی طرح میانوالی میں چار کنفرم کیس دوسرے شہروں سے منتقل ہوئے ہیں۔

اجلاس میں کھادوں کی دستیابی اور قیمتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین نے بتایا کہ اس سال ڈویژن بھر میں 26 لاکھ یوریا کھاد کے بیگز کی ڈیمانڈ کے برعکس 22 لاکھ بوری ملی۔ اس وقت یوریا کی کوئی کمی نہیں اور قیمت بھی چھ سو روپے فی بوری کم ہوچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال گندم کی بوائی کے لیے 14 لاکھ بوری یوریا کی ضرورت ہوگی جبکہ سٹاک میں ایک لاکھ 50 ہزار بوری موجود ہے۔ جعلی زرعی ادویات اور کھادیں فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈوان جاری ہے۔

کمشنر نے کہا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی اگلی قسط 9 ہزار روپے مستحقین کو فراہمی کا عمل شروع ہو رہا ہے۔تمام ڈپٹی کمشنرز بی آئی سی کے مقامی افسران سے رابط کرکے تمام سنٹرز پر پیشگی انتظامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے ڈویژن بھر میں عید میلاد النبی ؐ کی محافل اور جلوسوں کے فول پروف سیکورٹی انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔