کوئٹہ۔ 25 ستمبر (اے پی پی):کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) نےپیر کو بھی غیر قانونی بجلی استعمال کرنے والوں اور نادہندگان سے بقایا جات کی وصولی کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی کی۔ کیسکو کی ٹیموں نے کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں میگانگی روڈ،بلوچی سٹریٹ،جی او آر کالونی،شہبازٹائون، علمدارروڈاور کلی چشمہ میں کارروائی کے دوران 31شنٹ کئے گئے میٹرز منقطع کرکے اُنھیں جرمانہ عائدکردیے ، اس دوران بجلی چوروں سے جرمانے کی مدمیں 4لاکھ 10 ہزارروپے بھی وصول کئے گئے۔اس کے علاوہ لیاقت بازارمیں فاران ہوٹل اور مسجد روڈپر پلازے کاٹیوب ویل جوکہ ڈائریکٹ بجلی استعمال کررہے تھے ان کے کنکشنز منقطع کردیے گئے۔
اسی طرح موبی لنک کمپنی کا ایک ٹاور بھی میٹر شنٹ کرکے بجلی چوری میں ملوث نکلا جسے جرمانہ عائد کیاگیا، اس کے علاوہ سیٹلائٹ ٹائون،تارو چوک اورجتک سٹاپ کے علاقوں سے 15ڈائریکٹ چلنے والے کنکشنز منقطع کردئیے گئے ، اس دوران 5افراد بجلی چوری پر گرفتارکرلئے گئے۔ائیرپورٹ روڈ سے ایک نادہندہ ٹرانسفارمراُتارنے کے علاوہ جناح ٹائون میں 14شنٹ کئے گئے میٹروں کے کنکشنز منقطع کردیے گئے ، اس دوران بجلی چوروں سے جرمانے کی مدمیں 9لاکھ روپے وصولی کے علاوہ شیخ زید اسپتال سے بقایاجات کی مدمیں 2کروڑ90لاکھ روپے بھی وصول کئے گئے۔ اسی طرح کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں سے مجموعی طورپر نادہندگان کے 139کنکشنز بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے گئے۔
لورالائی شہر،رکھنی، کوہلو اور ہرنائی کے علاقوں میں 13بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے پولیس سٹیشنوں کو درخواستیں ارسال کردی گئیں جبکہ کارروائی کے دوران بلوں کی عدم ادائیگی پرنادہندگان کے 11ٹرانسفارمرزاُتاردئیے گئے ، اس دوران نادہندہ7دیہاتوں کی بجلی منقطع کرنے کے علاوہ 56دیگرنادہندہ صارفین کے کنکشنز بھی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے گئے ،کارروائی میں بجلی نادہندگان سے بلوں کی مدمیں بقایاجات کے 73لاکھ روپے وصول اور بجلی چوروں سے جرمانے کی مدمیں ساڑھے چار لاکھ روپے بھی وصول کرلئے گئے۔
علاوہ ازیں سبی، ڈیرہ مرادجمالی اورڈھاڈرکے علاقوں سے بھی کارروائی کے دوران نادہندگان کے 5ٹرانسفارمرزاُتارنے کے علاوہ 72نادہندگان کے کنکشنز عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے گئے ،اس دوران نادہندگان سے بقایاجات کے 50لاکھ روپے جبکہ بجلی چوروں سے جرمانہ کی مدمیں چارلاکھ نوے ہزارروپے بھی وصول کئے گئے۔اسی طرح خضدار،قلات،مستونگ،خالق آباد،کانک،نوشکی اور تفتان کے علاقوں میں بھی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائی کے دوران کیسکوٹیموں نے 6غیرقانونی اور 3نادہندگان کے ٹرانسفارمرزاُتاردئیے ، کارروائی کے دوران مختلف نادہندہ دیہاتوں کے 15ٹرانسفارمرزکے جمپرزکاٹ کر اُ ن کی بجلی منقطع کردی گئی ، اس دوران نادہندگان سے 30لاکھ روپے جبکہ بجلی چوروں سے جرمانہ کی مدمیں 6لاکھ روپے بھی وصول کرلئے گئے۔
اسی طرح پشین،گلستان اور چمن کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران نادہندگان کے 53کنکشنز بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے گئے جبکہ بجلی چوروں سے جرمانہ کی مد میں 3 لاکھ80 ہزار روپے بھی وصول کیئے گئے۔ علاوہ ازیں تربت،پسنی، پنجگوراور گوادرشہرکے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران بجلی بلوں کی عدم ادائیگی پر46گھریلو اور کمرشل نادہندہ صارفین کے کنکشنز منقطع کردئیے جبکہ نادہندگان سے بقایاجات کے 8لاکھ روپے اور بجلی چوروں سے جرمانہ کی مدمیں 2لاکھ 70ہزارروپے وصول کرلئے گئے۔
واضح رہے کہ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی خصوصی ہدایت پر بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف بلاتفریق کارروائی جاری ہے ،کیسکواپنے تمام صارفین سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اپنے بلوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ بجلی کے غیر قانونی استعمال سے اجنتاب کرکے اس قومی مہم میں کیسکوکا ساتھ دیں۔