کولڈ سٹوریج انڈسٹری کیلئے بجلی کا انڈسٹریل ٹیرف بحال کیا جائے، صدر اسلام آباد چیمبر احسن ظفر بختاوری سے کولڈ سٹوریج مالکان کے وفد کی ملاقات

Ahsan Bakhtavari
Ahsan Bakhtavari

اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):انجمن ہول سیل فروٹ کمیشن ایجنٹس کے صدر بابو محمد علیم اور جنرل سیکریٹری طا ہر ایوب کی قیادت میں کولڈ سٹوریج مالکان کے ایک وفد نے صدر اسلام آباد چیمبر احسن ظفر بختاوری سے چیمبر ہائوس میں ملاقات کی اور ان کو کولڈ سٹوریج انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن بختاوری نے کہا کہ کولڈ سٹوریج انڈسٹری انڈسٹریل ٹیرف کے تحت بجلی کے بل ادا کر رہی تھی لیکن انڈسٹری پر کمرشل ٹیرف عائد کر دیا ہے جس وجہ سے بجلی کے بلوں میں اضافہ ہو نے اور اور کاروبار کی لاگت بہت بڑھنے سے یہ انڈسٹری مشکلات کا شکار ہے، لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کولڈ سٹوریج انڈسٹری کیلئے بجلی کے بلوں کا انڈسٹریل ٹیرف بحال کیا جائے تا کہ اس انڈسٹری کی مشکلات کم ہوں اور کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔

انہوں نے کہا کہ کولڈ سٹوریج انڈسٹری کی کاروباری لاگت بڑھنے سے سبزی اور فروٹ کی قیمتوں میں بھی غیرضروری اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ چیمبر ان کے مسائل حل کرانے میں ہرممکن تعاون کرے گا۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انجمن ہول سیل فروٹ کمیشن ایجنٹس کے صدر بابو محمد علیم اور جنرل سیکریٹری طاہر ایوب نے کہا کہ اسلام آباد کی ہول سیل سبزی و فروٹ منڈی اس علاقے کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیر اور شمالی علاقہ جات کو بھی سبزی و فروٹ سپلائی کرتی ہے اور برآمدات میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ سبزی منڈی کو درپیش مسائل کو جلد حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔امیر حمزہ، ارسلان جاوید، چوہدری صدیق، ضیا الرحمان، حاجی بشیر، چوہدری سہیل اور دیگر وفد میں شامل تھے۔ اس موقع پر چیمبر کے صدر احسن بختاوری نے ارسلان جاوید کو کولڈ سٹوریج کمیٹی کا کنو ینر مقرر کیا اور ان کو اس سلسلے میں باقاعدہ لیٹر بھی دیا گیا۔