گزشتہ 24 گھنٹوں میں 395ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، ترجمان

Lesko
Lesko

لاہور۔28فروری (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کا بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 395ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے160کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں ۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 11 کمرشل1انڈسٹریل اور383 ڈومیسٹک تھے ۔

تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو2 لاکھ86 ہزار3سو36 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 97لاکھ27 ہزار86 روپے ہے ۔ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے ۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ دہلی گیٹ کے علاقے میں کنکشن کو3 لاکھ روپے،گوالمنڈی کے علاقے میں کنکشن کو3لاکھ روپے،ستو کتلہ کے علاقے میں ایک ملزم کو 2لاکھ50ہزار اورگرین ٹاون میں ایک ملزم کو2 لاکھ روپے کی رقم چارج کی گئی ہے،انسداد بجلی چوری مہم کو 168مکمل ہوگئے ہیں ،

اس دوران کل 58 ہزار2سو2 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 53 ہزار6سو48 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر 17 ہزار7سو2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ۔ بجلی چوروں کو اب تک 7 کروڑ 69 لاکھ 67 ہزار93 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2 ارب 94 کروڑ63 لاکھ 28 ہزار4 سو33 روپے ہے ۔ لیسکو چیف کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا ۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔