گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 385 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،ترجمان لیسکو

Anti Electricity Theft Campaign
Anti Electricity Theft Campaign

لاہور۔3اپریل (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے رمضان المبارک میں بھی بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ترجمان لیسکو کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 385 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے167کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ12 ملزمان کو بجلی چوری کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 13 کمرشل،4 زرعی 1 انڈسٹریل اور367 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 3 لاکھ 16 ہزار5 سو 85 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 59 لاکھ 44 ہزار6سو19 روپے ہے۔

بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔مصری شاہ کے علاقے میں کنکشن کو3 لاکھ روپے، باغبانپورہ کے علاقے میں کنکشن کو1 لاکھ 80 ہزارروپے، باغبانپورہ کیعلاقے میں ایک اور ملزم کو 1 لاکھ 50 ہزارروپیاور باغبانپورہ کے علاقے میں تیسرے ملزم کو 1لاکھ 45 ہزار روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔

انسداد بجلی چوری مہم کو198 روزمکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 70 ہزار 17 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 67 ہزار9 سو99 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر 28 ہزار8 سو 91 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک 8 کروڑ 65 لاکھ 7 ہزار 2 سو49 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3ارب 26 کروڑ29 لاکھ 90 ہزار12 روپیہے۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔