گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے کروشیا کے سفیر ڈاکٹر ڈریگو اسٹمبوک کی ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال

Governor Punjab
Governor Punjab

لاہور۔24فروری (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے کروشیا کے سفیر ڈاکٹر ڈریگو اسٹمبوک نے گورنرہائوس لاہورمیں ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان میں کروشیا کے اعزازی قونصل جنرل عمران بیگ بھی موجود تھے ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اموراور دو طرفہ تعاون سمیت تجارت و ثقافت کے شعبوں کوفروغ دینے پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلیغ الرحمان نے کہا کہ فلسطین میں انسانی المیہ تکلیف دہ ہے،دنیا میں جہاں بھی ظلم ہو اس کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے، انہوں نے کہا کہ لوگوں کے درمیان روابط دو طرفہ تعاون کے فروغ میں بہت اہم ہیں، پاکستان جمہوریہ کروشیا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات ،تجارت اور تعلیم سمیت تمام شعبوں میں مضبوطی کا خواہاں ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کراچی میں کروشیا کے اعزازی قونصلیٹ آفس کا کھلنا اہم پیش رفت ہے

جس سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کاروباری اور کامرس اینڈ انڈسٹری کے مختلف چیمبرز کے وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں ۔کروشیا کے سفیر ڈاکٹر ڈریگو اسٹمبوک نے کہا کہ صوفی ازم اسلام کا خوبصورت چہرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا مستقبل امن سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کروشین سفارتخانہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔