گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے وفاقی وزیر برائے ریلویز اینڈ ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق کی ملاقات

لاہور۔19مارچ (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے وفاقی وزیر برائے ریلویز اینڈ ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق نے یہاں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ حکومت مشکل حالات کے باوجود ملکی معیشت سمیت ہر شعبے میں بہتری لانے کے لئے ہر ممکن اقدمات اٹھارہی ہے، عوام کی فلاح و بہبود اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کم آمدنی والے گھرانوں کے لئے مفت آٹا فراہم کرنا حکومت کی جانب سے احسن اقدام ہے، عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے جس کے لئے سب کو چاہئے کہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کرے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وفاقی حکومت کے عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے کئے گئے اقدامات قابل تعریف ہیں۔اس موقع پروفاقی وزیر برائے ر یلویز اینڈ ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے اور پی آئی کو بین الاقوامی سطح پر لانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایوی ایشن، پی آئی اے اوریلویزمیں عوام کو بہترسفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام تر وسائل کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے اندر بہت بہتری لائی جا رہی ہے۔ جہازوں کی حالت بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ جہازوں کے روٹس میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔ مزید براں ریلوے اسٹیشنوں کی حالت بھی بہتر بنائی جا رہی ہے اور عوام کے لیے ریلوے کے سفر کو آرام دہ بنانے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔