یورپی یونین کا روس کے خلاف پابندیوں کے 13ویں پیکج پر اتفاق

European Union
European Union

برسلز۔21فروری (اے پی پی):یورپی یونین کے ممالک کے سفیروں نے روس کے خلاف پابندیوں کے 13ویں پیکج پر اتفاق کیا ہے جو 24 فروری تک نافذ العمل ہو جائے گا،

یورپی یونین کونسل کے بیلجیم پریزیڈنسی کے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کردہ ایک بیان کے مطابق یورپی یونین کے سفیروں نے یوکرین کے خلاف روس کی جارحیت کے فریم ورک میں پابندیوں کے 13ویں پیکج پر اصولی طور پر اتفاق کیا ہے۔ یہ پیکج یورپی یونین کی طرف سے منظور شدہ وسیع ترین پیکجز میں سے ایک ہے۔ روس کے خلاف پابندیوں کا یہ پیکیج 24 فروری کو باضابطہ طور پر منظور کیا جائے گا ۔

اس پیکیج میں تقریباً 200 افراد اور قانونی اداروں کو نہ صرف روس سے، بلکہ چین، ایران اور شمالی کوریا سمیت متعدد روسی پارٹنر ریاستوں سے بزنس کے لئے بلیک لسٹ کرنا بھی شامل ہے۔ ان ریاستوں پر یورپی یونین کو مغربی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ماسکو کے اقتصادی اقدامات میں حصہ لینے کا شبہ ہے۔

وزارتی سطح پر یورپی یونین کونسل کی طرف سے منظوری کے بعد، پابندیاں لاگو ہونے کے لیے یورپی یونین کے آفیشل جرنل میں شائع ہونا ضروری ہے۔