یوم دفاع و شہدا پر مادر وطن کے سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،عمران خان کا اداروں پر حملہ آور ہونا افسوسناک اور قابل مذمت ہے،وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیربرائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ یوم دفاع و شہدا پر مادر وطن کے سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،عمران خان کا اداروں پر حملہ آور ہونا افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

منگل کو وزارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیدخورشیداحمد شاہ نے کہاکہ یوم دفاع و شہدا پر مادر وطن کے سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،ایک طرف قوم یوم دفاع و شہدا منا رہی ہے جبکہ دوسری طرف ایک شخص اداروں پر حملہ آور ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا اداروں پر حملہ آور ہونا افسوسناک اور قابل مذمت ہے، محض اپنی حکومت ختم ہونے پر یہ شخص ملک و فوج کو کمزور کرنے پر تلا ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیکھنا ہے تو پیپلز پارٹی سے سیکھو جس نے جانیں دیں مگر صبر کے ساتھ سیاسی جدوجہد جاری رکھی، پیپلز پارٹی نے کبھی کسی ایشو کو ذاتی لڑائی میں تبدیل نہیں کیا اور ادارے کو کمزور نہیں ہونے دیا۔

خورشید شاہ نے کہاکہ عمران خان اور اس کے حواری بہت بڑی غلطی کر رہے ہیں، اس سے صرف پاکستان کا دشمن خوش ہو رہا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ روش نہ چھوڑی گئی تو پھر حکومت اداروں کی بے توقیری روکنے پر مجبور ہو گی۔