آئندہ عام انتخابات اپنےمقررہ وقت پرہوں گے،وفاق نےکہیں بھی یہ نہیں کہاہم الیکشن نہیں کرائیں گے،الیکشن کا انعقاد حکومت نہیں الیکشن کمیشن کا کام ہے،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی میڈیا سے گفتگو

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی رسالپور سے پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹس کو خراج تحسین

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، وفاق نے کہیں بھی یہ نہیں کہا کہ ہم الیکشن نہیں کرائیں گے،الیکشن کا انعقاد حکومت نہیں الیکشن کمیشن کا کام ہے۔ وہ بدھ کوپارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات جاری ہیں،حتی الامکان کوشش ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات پاکستان کے حق میں ہوں، اس ضمن میں قیاس آرائیاں نہیں ہونی چاہئیں، قیاس آرائیوں میں کسی کا فائدہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہی آئی ایم ایف معاہدہ ہے جو عمران خان کر کے گئے تھے، گزشتہ حکومت اس معاہدے کو معطل کرکے گئی تھی،موجودہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کی جانب جانے سے بچایا۔انہوں نے کہا کہ سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا،تھوڑا انتظار کرلیں ،آئی ایم ایف کے ساتھ جو معاہدہ ہوگا قوم کے سامنے لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک جانب سے آئی ایم ایف مذاکرات سے متعلق ذرائع سے خبریں چلا کر پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے ، میڈیا کو بھی چاہئے کہ وہ آئی ایم ایف مذاکرات سے متعلق حکومت یا وزارت خزانہ سے مصدقہ چیزیں قوم کے سامنے لائے۔