آئندہ مالی سال کیلئے حکومت نے 1,150 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص کئے ہیں،پروفیسر احسن اقبال

آئندہ مالی سال کیلئے حکومت نے 1,150 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص کئے ہیں،پروفیسر احسن اقبال

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے وزیر پروفیسر احسن اقبال نے کہاہے کہ آئندہ مالی سال (2023-24ء) کیلئے حکومت نے 1,150 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص کیے ہیں۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ صرف دو سال کے عرصے میں ترقیاتی بجٹ میں 100 فیصد سے زیادہ اضافہ کیا گیا ہے. وزیر خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے ساتھ پاکستان اکنامک سروے 2022-23 کا آغاز کرتے ہوئےانہوں نے مالی سا ل 2022-23ء کو مشکل سال قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے 84 بلین ڈالر کی غیر ضروری درآمدات، 50 بلین ڈالر کا تجارتی خسارہ، 2021-22ء کی آخری سہ ماہی کے لیے ایک پیسہ بھی ادا کرنے میں فنانس ڈویژن کی نااہلی اور گزشتہ سال کے تباہ کن سیلابوں کا سامنا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو84 بلین ڈالر کی درآمدات کی وجہ سے 50 بلین ڈالر کے تجارتی خسارے کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابقہ حکومت نے اپنے آخری سال میں لگژری آئٹمز کی اجازت دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 84 بلین ڈالر کی درآمدات نے ملک کو شدید معاشی بحران میں دھکیل دیا جس نے تمام زرمبادلہ کے ذخائر کو کھا لیا ہے۔

وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث2021-22ء کی آخری سہ ماہی کے لیے کوئی ترقیاتی بجٹ نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال شدید بارشوں اور سیلاب کی صورت میں بڑی تباہی ہوئی ۔ بارشوں اور سیلاب سے پاکستان کو تقریباً 31 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ 2017-18ء میں انہوں نے 1000 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ پیش کیا تھا اور جب گزشتہ سال موجودہ حکومت برسراقتدار آئی تو اس کا حجم 550 ارب روپے تک آ گیا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال (2023-24ء) کیلئے حکومت نے 1,150 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص کیے ہیں۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ صرف دو سال کے عرصے میں ترقیاتی بجٹ میں 100 فیصد سے زیادہ اضافہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے دو سالوں میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کا بجٹ 26 ارب روپے سے بڑھا کر 60 ارب روپے کر دیا ہے جس سے تقریباً 131 فیصد غیر معمولی نمو ظاہر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، یوتھ، سرسبز انقلاب، اسٹارٹ اپس اور تعلیم سے متعلق ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد کے لیے تقریباً 80 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں،پہلی بار ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن کا ہمارے نوجوانوں اور مستقبل سے براہ راست تعلق ہے۔