لاہور۔21اپریل (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔
گورنر پنجاب نے سیدال خان ناصر کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ آئین اور قانون کی بالادستی میں ہی ملک کی بہتری ہے، وفاق کی مضبوطی کے لئے تمام اکائیوں کی یکساں ترقی بہت ضروری ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں اپنے جمہوری اداروں کو مضبوط اور مستحکم کرنا ہے ،موجودہ قیادت ملک کو درپیش مختلف مسائل کو حل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔
گورنر نے کہا کہ معاشی طور پر خود کفیل و توانا پاکستان اور معاشرتی طور پر اعلیٰ اخلاق و باہمی احترام جیسی اقتدار پر مشتمل معاشرہ ہماری منزل ہونا چاہیے۔