لاہور۔19دسمبر (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے قصور کے شہید اے ایس آئی محمد اکرم کے اہل خانہ کو 01 کروڑ 75 لاکھ روپے مالیت کا گھر دے دیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شہید کے اہل خانہ کو نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں گھر فراہم کیا گیا ہے۔
اے ایس آئی محمد اکرم نے رواں سال مارچ میں کارروائی کے دوران جرائم پیشہ افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں جام شہادت نوش کیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ شہید اے ایس آئی محمد اکرم کے لواحقین میں اہلیہ اور 4بیٹے شامل ہیں۔آئی جی پنجاب کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہل خانہ کے گھرکے لئے فنڈز جاری کئے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ سب انسپکٹر محمد ارشد نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران جام شہادت نوش کیا، پنجاب پولیس اپنے بہادر شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، پنجاب پولیس 1650سے زائد بہادر شہدا کی امین فورس ہے۔
واضح رہے کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی طرف سے پولیس شہدا کے اہل خانہ کو گھروں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔