آئی سی سی آئی کے اعلیٰ سطحی وفد کا تھائی لینڈ کے سفارتخانہ کا دورہ ، سفیر سے ملاقات

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے اعلیٰ سطحی وفد نے صدر سردار طاہر محمود کی قیادت میں تھائی لینڈ کے سفارتخانہ کا دورہ کیا اور سفیر رونگ ودہی ویرابتر کے ساتھ ملاقات کی۔بدھ کو ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے، تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے اور پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان شراکت داری کی …

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے اعلیٰ سطحی وفد نے صدر سردار طاہر محمود کی قیادت میں تھائی لینڈ کے سفارتخانہ کا دورہ کیا اور سفیر رونگ ودہی ویرابتر کے ساتھ ملاقات کی۔بدھ کو ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے، تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے اور پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان شراکت داری کی نئی راہیں تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

آئی سی سی آئی کے وفد میں سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر محمد عرفان چوہدری اور آئی سی سی آئی آسیان کمیٹی کے چیئرمین چوہدری محمد علی شامل تھے۔ دونوں اطراف نے دو طرفہ تجارتی حجم کو 2 بلین ڈالر تک بڑھانے کے مشترکہ مقصد پر زور دیا۔ سفیر رونگ ودہی ویرابتر نے کہا کہ دو طرفہ تجارت 1.6 بلین ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان-تھائی لینڈ فری ٹریڈ ایگریمنٹ (ایف ٹی اے ) کھولنے کے لئے جلد از جلد کام مکمل کیا جانا چاہئے اور آئی سی سی آئی کی قیادت پر زور دیا کہ وہ اسے جلد حتمی شکل دینے کے لئے فعال طور پر وکالت کرے۔

سفیر نے تھائی سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے گندھارا کے سیاحتی مقام کی اہمیت کو اجاگر کرنے پر بھی زور دیا اور اسے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطے اور ثقافتی تبادلوں کے لئے ایک امید قرار دیا۔ انہوں نے حلال صنعتوں میں تعاون کو بڑھانے میں تھائی لینڈ کی گہری دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔اسلام آباد میں آسیان کمیٹی کے موجودہ سربراہ کے طور پر سفیر رونگ ودہی ویرابتر نے آسیان-پاکستان تعاون کو مضبوط بنانے اور علاقائی بلاک کے ساتھ گہرے روابط کے لیے پاکستان کی خواہشات کی حمایت کرنے کے لئے تھائی لینڈ کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے الیکٹرک وہیکلز بارے تھائی لینڈ کی مہارت کو بھی اجاگر کیا اور پاکستان کے ای وی ایکو سسٹم کی ترقی کے لیے تعاون کی تجویز پیش کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے پاکستان کی وسیع برآمدی صلاحیت کو اجاگر کیا ۔

انہوں نے تھائی لینڈ کو پاکستان کی برآمدات کو بڑھانے کے لیے نئے اور غیر روایتی تجارتی راستے تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ تھائی ایمبیسی کے قریبی تعاون سے باہمی ملاقاتیں، وفود کے تبادلے اور مشترکہ اقدامات دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کریں گے جس سے تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں میں اضافہ ہوگا۔

آئی سی سی آئی کے صدر نے تھائی لینڈ کے سفیر کو آئی سی سی آئی کا دورہ کرنے اور اسلام آباد کی تاجر برادری سے براہ راست بات چیت کرنے کی باضابطہ دعوت بھی دی ۔ سفیر ویرابتر نے دعوت قبول کی اور یقین دلایا کہ وہ جلد از جلد آئی سی سی آئی کا دورہ کریں گے۔

سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے برآمدات کو بڑھانے کے لئے جوائنٹ وینچرز اور بہتر صنعتی انفراسٹرکچر پر زور دیا۔نائب صدر محمد عرفان چوہدری اور آئی سی سی آئی آسیان کمیٹی کے چیئرمین چوہدری محمد علی نے بھی پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور شعبہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے عملی اقدامات کے بارے میں قابل قدر بصیرت کا اشتراک کیا۔