آئرلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان گیبی لیوس کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں ہونے والا آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ ان کی ٹیم کے لیے ایک خاص موقع ہے،
آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ ٹیم کیلئے خاص موقع ہے، گیبی لیوس

مزید خبریں
لاہور۔9جون (اے پی پی):آئرلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان گیبی لیوس کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں ہونے والا آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ ان کی ٹیم کے لیے ایک خاص موقع ہے، کیونکہ ٹورنامنٹ گھر کے قریب ہونے کی وجہ سے بڑی تعداد میں آئرش شائقین میچز دیکھنے کے لیے سفر کریں گے۔
گیبی لیوس نے اپنے بیان میں کہا کہ نوجوان لڑکیوں اور بچوں کی حمایت ٹیم کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوگی اور امید ہے کہ وہ مستقبل میں قومی ٹیم کا حصہ بننے کا خواب بھی دیکھیں گے۔گیبی لیوس کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم گرانڈ پر کھیلی گئی سہ فریقی سیریز ٹیم کی بہترین تیاری ثابت ہوئی۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ لارا ڈیلانی کی عدم موجودگی ٹیم کے لیے بڑا نقصان ہے، تاہم ایلس ٹیکٹر کی شمولیت سے اسکواڈ کو تقویت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں کئی باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جن میں ایمی میگوائر، اورلا پرینڈرگاسٹ اور ایمی ہنٹر نمایاں ہیں۔ ان کے بقول آئرلینڈ کسی ایک یا دو کھلاڑیوں پر انحصار نہیں کرتا بلکہ ٹیم میں متعدد میچ ونرز موجود ہیں جو ورلڈ کپ میں نمایاں کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔آئرش کپتان نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں ٹیم نے نمایاں ترقی کی ہے اور نوجوان کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر کھیلتے ہوئے مسلسل سیکھ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں دنیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف مختصر عرصے میں کھیلنے کا موقع ہمیشہ یادگار ہوتا ہے اور اگر ٹیم چند بڑی حریفوں کو شکست دینے میں کامیاب رہی تو عالمی توجہ حاصل کر سکتی ہے۔گیبی لیوس نے خواتین کرکٹ کے لیے انعامی رقم میں اضافے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے کھیل میں زیادہ سرمایہ کاری خوش آئند ہے، تاہم ٹیم کی اولین ترجیح اچھی کرکٹ کھیلنا اور میچز جیتنا ہے۔








