انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اعلان کیا ہے کہ آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کو دنیا کا سب سے زیادہ ڈیجیٹل طور پر منسلک اور عالمی سطح پر قابلِ رسائی ویمنز اسپورٹس ایونٹ بنانے کے لیے متعدد جدید ڈیجیٹل فین انگیجمنٹ اقدامات متعارف کرائے جا رہے ہیں
آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ٹورنامنٹ کی کوریج پہلی بارآئی سی سی ٹی وی پر نو زبانوں میں ہوگی ،آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر

مزید خبریں
لاہور۔9جون (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اعلان کیا ہے کہ آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کو دنیا کا سب سے زیادہ ڈیجیٹل طور پر منسلک اور عالمی سطح پر قابلِ رسائی ویمنز اسپورٹس ایونٹ بنانے کے لیے متعدد جدید ڈیجیٹل فین انگیجمنٹ اقدامات متعارف کرائے جا رہے ہیں۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا ہے کہ ایونٹ کا مقصد شائقین کو کھیل کے مزید قریب لانا، خواتین کرکٹ کی عالمی مقبولیت میں اضافہ کرنا اور نئی نسلوں کے لیے ایک دیرپا ورثہ چھوڑنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کو تخلیقی صلاحیتوں، تجارت، کمیونٹی اور ثقافت کے ایک جامع پلیٹ فارم کے طور پر پیش کیا جائے گا جہاں ہر قسم کے شائقین کے لیے منفرد تجربات دستیاب ہوں گے۔پہلی بار ٹورنامنٹ کی کوریج آئی سی سی ٹی وی پر نو زبانوں میں دستیاب ہوگی جن میں انگریزی، ہندی، اردو، بنگالی، جاپانی، تھائی، ڈچ، مینڈارن اور باہاسا انڈونیشیا شامل ہیں۔ تمام میچز انگریزی اور ہندی میں نشر کیے جائیں گے جبکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے میچز کے لیے بالترتیب اردو اور بنگالی کمنٹری بھی فراہم کی جائے گی۔آئی سی سی کے مطابق 80 سے زائد ممالک میں تمام میچز آئی سی سی ٹی وی پر مفت دکھائے جائیں گے، جبکہ پہلی بار کسی آئی سی سی ویمنز ایونٹ کو آئی سی سی کے آفیشل یوٹیوب اور فیس بک چینلز پر بھی نشر کیا جائے گا، جس سے دنیا بھر کے شائقین کو آسان رسائی حاصل ہوگی۔
اس کے علاوہ تمام میچز کی براہِ راست ریڈیو کمنٹری بی بی سی کے تعاون سے آئی سی سی ایپ پر دستیاب ہوگی۔آئی سی سی کریئیٹر پروگرام بھی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں واپس آ رہا ہے، جس کے تحت دنیا بھر کے ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئیٹرز کو خصوصی رسائی دی جائے گی تاکہ وہ ٹورنامنٹ کی دلچسپ کہانیاں، پسِ منظر کے مناظر اور کھلاڑیوں کی شخصیات اپنے سامعین تک پہنچا سکیں۔آئی سی سی ایپ میں موجود مصنوعی ذہانت پر مبنی فیچر "آئی سی سی انسائٹس” کو بھی مزید بہتر بنایا گیا ہے، جس میں خواتین کرکٹ کے اعدادوشمار اور تجزیاتی معلومات شامل کی گئی ہیں۔ اس بار سابق عالمی چیمپئن اور معروف کمنٹیٹر عیسی گوہا کی آواز بھی اس فیچر کا حصہ ہوگی۔ٹورنامنٹ کے دوران گیمنگ کے شعبے میں بھی خصوصی سرگرمیاں متعارف کرائی جائیں گی۔ روبلوکس پلیٹ فارم پر "کیچ دی اسپرٹ” نامی گیم لانچ کی جائے گی جس میں کھلاڑی ایک ورچوئل آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ اسٹیڈیم میں کیچنگ چیلنجز میں حصہ لے سکیں گے اور خصوصی انعامات حاصل کر سکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو حقیقی دنیا میں بھی کرکٹ کھیلنے کی ترغیب دینا ہے۔مزید برآں ایونٹ میں پہلی مرتبہ "آرامکو فین ووٹ پلیئر آف دی میچ” متعارف کرایا جائے گا، جس کے ذریعے شائقین ہر میچ کے بعد اپنی پسند کے بہترین کھلاڑی کے لیے ووٹ دے سکیں گے اور اپنی رائے کا ماہرین کے انتخاب سے موازنہ بھی کر سکیں گے۔








