آئی سی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ، پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت مضبوط بنیادوں پر گامزن

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):مالی سال 2025-26 کے پہلے پانچ ماہ کے دوران پاکستان کی انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) برآمدی ترسیلات میں 18.5 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد یہ ترسیلات 1.799 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں۔ ماہرین کے مطابق یہ اضافہ ملکی معیشت میں آئی سی ٹی شعبے کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور عالمی منڈی میں پاکستانی آئی ٹی خدمات کی …

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):مالی سال 2025-26 کے پہلے پانچ ماہ کے دوران پاکستان کی انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) برآمدی ترسیلات میں 18.5 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد یہ ترسیلات 1.799 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں۔ ماہرین کے مطابق یہ اضافہ ملکی معیشت میں آئی سی ٹی شعبے کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور عالمی منڈی میں پاکستانی آئی ٹی خدمات کی بڑھتی ہوئی مانگ کا واضح ثبوت ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق نومبر 2025 کے دوران صرف آئی سی ٹی سروسز کی برآمدات 356 ملین امریکی ڈالر رہیں جبکہ اسی مدت میں اس شعبے نے 1.583 ارب امریکی ڈالر کا تجارتی سرپلس بھی ریکارڈ کیا۔ یہ کارکردگی دیگر برآمدی شعبوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر بہتر قرار دی جا رہی ہے اور اس امر کی عکاس ہے کہ آئی سی ٹی شعبہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ فری لانسنگ، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، آئی ٹی سروسز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی توسیع نے آئی سی ٹی برآمدات میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا ہے جس سے نہ صرف زرِ مبادلہ میں اضافہ ہوا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔ وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو مزید بااختیار بنانے کے لئے پالیسیوں اور اصلاحات کو مضبوط بنانے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔

وزارت کے اقدامات کا مقصد آئی ٹی برآمدات میں مزید اضافہ، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا اور نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق اگر یہی رفتار برقرار رہی تو آئی سی ٹی شعبہ مستقبل میں پاکستان کی معیشت کا ایک مضبوط ستون ثابت ہو سکتا ہے اور ملک کو ڈیجیٹل ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کر سکتا ہے۔