لاہور۔2نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی و چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست ہی مسئلے کا واحد حل ہے،مسئلہ فلسطین پرپوری امت کی وحدت کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں جامع منظورالاسلامیہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ بے گناہ فلسطینیوں پر حملے رکوانا وقت کی ضرورت ہے ،مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے،جنگ بندی کے معاملے پر اقوام عالم کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں یوم شہدائے فلسطین منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے حوالے سے اس وقت سب سے اہم کام بے گناہ فلسطینیوں پر حملے رکوانا ہے،ان تک امداد پہنچانا ہے اور اس حوالے سے اسلامی اور عالمی دنیا کو اپنا کر دار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر پاکستان اپنی بڑی واضح پالیسی رکھتاہے ،پاکستان کی پالیسی کسی گومگوں کا شکار نہیں ہے،پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ اس وقت پوری امت کی وحدت کی ضرورت ہے لیکن کچھ شرپسند طاقتیں مسلمانوں کو آ پس میں تقسیم کرنا چاہتی ہیں
، یہ پہلاموقع ہے کہ دنیا کے تمام اسلامی ممالک کا فلسطین کے مسئلے پر موقف ایک ہے،حماس کے سربراہ نے بھی کہا کہ ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ہو جائے تو ہم مذاکرات کرنے کیلئے تیار ہیں۔نمائندہ خصوصی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل جنگ بندی یا امداد نہیں ہے بلکہ اس کا مستقل حل آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ہے جس کا دارالخلافہ ”القدس شریف” ہو ۔
اسلامی تعاون تنظیم کی سربراہی اس وقت سعودی عرب کے پاس ہے،سعودی عرب ،ترکی ،عراق ،قطر ،مصر اور پاکستان سب کا موقف ایک ہے،سب کو مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے آ گے بڑھنا ہے،پاکستان اس سلسلے میں جو کردار ادا کر سکتا ہے وہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ دوبارہ آباد ہو گااور اسرائیلی بربریت ،سفاکیت کا خاتمہ ہو گا اور فلسطین کو آزادی نصیب ہونی ہے اور وہ وقت عنقریب آنے والا ہے،
کل نماز جمعہ کے بعد ملک بھر میں یوم شہدا فلسطین منایا جا ئے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے ملاقات کرکے درخواست کروں گا کہ غزہ اور فلسطینی بھائیوں کی امداد کیلئے حکومت پاکستان اس طرح کا ایک فنڈ قائم کرے جس طرح سعودی عرب نے قائم کیا ہے ،پہلے دن سعودی عوام نے ایک کثیر رقم فلسطینی بھائیوں کیلئے جمع کر لی ہے ،ہر مسلمان اپنے فلسطینی بھائیوں کی امداد کرنا چاہتا ہے، اس وقت صرف وہی امداد فلسطینیوں تک پہنچ رہی ہے جو اقوام متحدہ کے ذریعے مصر کے راستے جارہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان خوش آ ئند ہے، آنے والے الیکشن پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا باعث بنیں گے۔