آسٹریلوی ٹی 20ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا

Cricket Australia
Cricket Australia

میلبورن۔7فروری (اے پی پی):آسٹریلیا کی مینز ٹی 20کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز ایرون فنچ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ۔36 سالہ ایرون فنچ نے 12 سال پر محیط بین الاقوامی کیریئر کو خیر باد کہہ دیا۔ ایرون فنچ نے ایم سی جی میلبورن میں منگل کو بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ سال کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کا یہ صحیح وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں آئندہ سال امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول نویں آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ تک نہیں کھیل سکوں گا۔

انہوں نے کیریئر کے دوران سپورٹ کرنے پر مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بگ بیش لیگ ( بی بی ایل )میں میلبورن رینیگیڈز کے لیے کھیلنا جاری رکھیں گے ۔ایرون فنچ کو 5 ٹیسٹ ،146 ون ڈے اور 103 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے مجموعی طور پر 8 ہزار 804 رنز سکور کیے۔ان کے انٹرنیشنل کیریئر میں 17 ایک روزہ اور 2 ٹی ٹونٹی سنچریاں بھی شامل ہیں۔ایرون فنچ نے 76 ٹی ٹونٹی اور55 ون ڈے میچز میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں ۔ ایرون فنچ گزشتہ سال ستمبر میں ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے تھے۔

ایرون فنچ کی قیادت میں متحدہ عرب امارات میں آسٹریلوی ٹیم نے پہلی مرتبہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2021جیتا تھا تاہم وہ گزشتہ سال اپنے ہی ملک میں ہونے والے ورلڈکپ میں ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہے تھے۔ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ ایرون فنچ کے پاس ہی ہے۔ انہوں نے 2018 میں زمبابوے کے خلاف 76 گیندوں پر 172 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی تھی۔ایرون فنچ نے آسٹریلیا کے لیے 103 میچز کھیلے ، ان میں سے 76 میچوں میں قومی ٹیم کی قیادت کی۔ وہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں آسٹریلیا کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کے طور پر ریٹائر ہوئےہیں۔

انہوں نے 34.28 کی اوسط اور 142.5 کے اسٹرائیک ریٹ سے 3120 رنز بنائے۔کرکٹ آسٹریلیا (سی اے)کے چیئرمین ڈاکٹر لچلن ہینڈرسن نے کہاہے کہ آسٹریلیا کو پہلی مرتبہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتوانے والے آرون فنچ کا آسٹریلوی کرکٹ کی تاریخ میں ہمیشہ ایک خاص مقام رہے گا۔انہوں نے ایرون فنچ کے آئندہ کیریئر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔