آسٹریلیا کی پہلے ٹیسٹ میں گرفت مضبوط، کینگروز ٹیم پہلی اننگز میں 429 رنز پر آﺅٹ، پاکستان پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار، 97 رنز پر 8 وکٹیں گر گئیں

برسبین ۔ 16 دسمبر (اے پی پی) سٹیون سمتھ اور پیٹرہینڈز کومب کی شاندار سنچریوں کے بعد آسٹریلوی فاسٹ باﺅلرز کی عمدہ باﺅلنگ کی بدولت پاکستانی ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے اور اس کے سر پر فالو آن کا خطرہ منڈلا رہا ہے، پاکستان نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز بنا لئے اور اسے فالو آن سے بچنے کیلئے 133 رنز اور کینگروز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے 332 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 2 وکٹیں باقی ہیں، سرفراز احمد 31 اور محمدعامر 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، گرین شرٹس کی پہلی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور کوئی بلے باز کینگروز باﺅلرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، مچل سٹارک اور جوش ہیزلووڈ نے 3، 3 جبکہ جیکسن برڈ نے 2 وکٹیں لیں، قبل ازیں آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 429 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی تھی، سٹیون سمتھ 130 اور پیٹرہینڈزکومب 105 رنز بنا کر نمایاں رہے، وہاب ریاض اور محمدعامر نے 4، 4 اور یاسرشاہ نے 2 وکٹیں لیں۔