احساس 8171 SMS رجسٹریشن سروس (آج) بدھ رات 12 بجے بند ہو گی، معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس راشن رعایت پروگرام میں مستحق خاندانوں کی رجسٹریشن کے لئے احساس 8171 ایس ایم ایس سروس (آج) بدھ کو رات 12 بجے بند ہو رہی ہے۔تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن کے مطابق انہوں نے خاندانوں کی احساس راشن رجسٹریشن کی بندش کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے احساس کے راشن رعایت پروگرام کے تحت خود کو رجسٹر کرنے کی آخری تاریخ 26 جنوری 2022ہے۔

نیشنل بینک آف پاکستان کے اشتراک سے پروگرام کو شروع کرنے کے لیے تمام انتظامات آخری مراحل میں ہیں۔ نیز، درخواست دہندگان کی فیملی اہلیت کا فی الحال تعین کیا جا رہا ہے اور ہم بہت جلد اہلیت کے پیغامات بھیجنا شروع کر دیں گے”۔انہوں نے مزید کہا کہ کریانہ اسٹورز کی رجسٹریشن 8171 کے ساتھ بند نہیں ہو رہی ہے اور یہ ویب پورٹل: ehsaasrahsan.pass.gov.pk کے ذریعے جاری رہے گی۔ رات 12 بجے 8171 سروس بند ہونے سے قبل، 50,000 روپے ماہانہ سے کم کمانے والے خاندان اپنا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ بھیج کر سائن اپ کر سکتے ہیں۔

درخواست گزار خاندان کا صرف ایک فرد جس کا موبائل نمبر اس کے اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC) پر جاری کیا گیا ہے وہ اپنے خاندان کو 8171 پر رجسٹر کر سکتا ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ احساس راشن رعایت کے تحت، آٹا، دالوں، کوکنگ آئل کی خریداری پر ہر ایک اہل خاندان کو 1,000 روپے ماہانہ کی ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی جائیگی۔ کریانہ کی مقرر کردہ دکانوں پر آٹے پر 22 روپے فی کلو، دالوں پر 55 روپے فی کلو، کھانا پکانے کے تیل یا گھی پر105 فی لیٹر سبسڈی ملے گی۔

احساس سروے کے ذریعے مجموعی طور پر 20 ملین مستحق خاندانوں کی نشاندہی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجموعی طور پر ملک بھر میں 130 ملین افراد اس پروگرام سے مستفید ہوں گے جو کہ آبادی کے 53 فیصد کے برابر ہے۔احساس راشن رعایت پروگرام میں پنجاب، کے پی، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی صوبائی حکومتیں حصہ لے رہی ہیں۔ وفاقی حکومت اور تمام شریک وفاقی اکائیاں مالی وسائل 65/35 کے تناسب سے شیئر کر رہی ہیں۔