بہاولپور۔ 14 نومبر (اے پی پی):شعبہ معاشیات فیکلٹی آف سوشل سائنسز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام سماجی علوم میں بین الضابطہ نقطہ نظر پر چوتھی بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی۔پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران وائس چانسلر ایم این ایس یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان و اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور،پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر اقبال وائس چانسلر بہائو الدین ذکریا یونیورسٹی ملتان اورپروفیسر ڈاکٹرروبینہ بھٹی ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسزخصوصی طور پراختتامی اجلاس میں شریک ہوئے۔پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے اپنے خطا ب میں کہا کہ سماجی مسائل کے حل اور ترقی کے لیے سماجی انصاف کو یقینی بنانا نہایت اہم ہے، اس سلسلے میں تعلیم کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے جو معاشرے کو اخلاقی بلندی عطا کرتی ہے اور پائیدار ترقی ممکن بناتی ہے۔
سماجی علوم کے ماہرین اور محققین کا آپس میں رابطہ اور سماجی مسائل کے حل کے لیے گفت و شنید بہت ضروری ہے، اس پس منظر میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام اس کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر اقبال نے کہا کہ ہمارے معاشرے کو ایک نئے معاشی و سماجی ماڈل کی ضرورت ہے،عہد حاضر میں درپیش چیلنجز کے حل کے لیے فیصلہ کن ساز پالیسی ضروری ہے،اس سلسلے میں جامعات معاشرے میں قائدانہ کردار ادا کر کے سماجی اور معاشی ترقی کی راہ ہموار کر سکتی ہیں۔
کانفرنس پیٹرن پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی نے کہا کہ سماج کی پائیدار ترقی کے لیے سماجی علوم کی اہمیت مسلمہ ہے۔ اس دو روزہ کانفرنس میں ماہرین نے در پیش حالات کے مطابق تحقیقی مقالات پیش کیے اور علمی مباحثوں میں حصہ لیا۔ کانفرنس چیئر ڈاکٹر عابد رشید گل نے خصوصی شرکت پر وائس چانسلر جامعہ اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران اور وائس چانسلر جامعہ بہا ئو الدین زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر اقبال اور دیگر ملکی و غیر ملکی مندوبین کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کانفرنس کے انعقاد میں فیکلٹی ممبران، منتظمین اور طلبا وطالبات کی فعال شرکت کو سراہا۔ ڈاکٹر محمد عاطف نواز کانفرنس سیکرٹری نے کانفرنس کی سفارشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ متنوع خیالات کے حامل مندوبین سے مستفید ہونے کا موقع ملا اور نتیجہ خیز سفارشات تشکیل پائیں۔