ملتان۔ 26 نومبر (اے پی پی):اسلام آباد میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے کہا ہےکہ پاکستان اوربنگلہ دیش کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں جبکہ دونوں ممالک کی ثقافت میں بھی گہری ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ایوانِ صنعت و تجارت ملتان (ملتان چیمبر) کا دورہ کے دوران کیا۔بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے کہاکہ بنگلہ دیش ایک بڑا چاول …
اسلام آباد میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر کا ملتان چیمبر کا دورہ، تجارت بڑھانے پر اتفاق

مزید خبریں
ملتان۔ 26 نومبر (اے پی پی):اسلام آباد میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے کہا ہےکہ پاکستان اوربنگلہ دیش کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں جبکہ دونوں ممالک کی ثقافت میں بھی گہری ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ایوانِ صنعت و تجارت ملتان (ملتان چیمبر) کا دورہ کے دوران کیا۔بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے کہاکہ بنگلہ دیش ایک بڑا چاول ایکسپورٹر ہے اور وہ پاکستان کو تازہ انناس (فریش پائن ایپل) برآمد کرنے کا خواہاں ہے۔اسی طرح ملتان کے مشہور آم، خصوصاً ’چونسہ اور انور رٹول بنگلہ دیش میں نہایت پسند کیے جاتے ہیں اوران کی برآمد کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ہائی کمشنر نے ملتان کے باغبانوں سے آموں کی برآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش جلد ای ویزا سسٹم متعارف کروا رہا ہے جس کے تحت ویزا کا حصول 24 گھنٹوں کے اندر ممکن ہو جائے گا، جس سے دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کو سہولت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی زرعی پیداوار، صنعتی مصنوعات اور ٹیکسٹائل کا بنگلہ دیشی مارکیٹ میں روشن مستقبل ہے جبکہ مشترکہ سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔چیمبر کے صدر میاں بختاور تنویر شیخ نے ہائی کمشنر کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نےمزید کہا کہ پچھلے ایک سال میں باہمی تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور یہ تعاون مستقبل میں مزید مستحکم ہوگا۔اس موقع پرملتان چیمبر کے صدر میاں بختاور نے کہا کہ بنگلہ دیش کی برآمدات 50 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہیں اور دنیا بھر میں اس کی ٹیکسٹائل مصنوعات مقبول ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زوردیا کہ ملتان کے آموں کی خوشبو اور ذائقہ انہیں عالمی مارکیٹ میں نمایاں مقام دلوا سکتا ہے۔
انہوں نے تجویز پیش کی کہ بنگلہ دیش کو پاکستان میں تجارتی نمائشوں، سیاحت اور ٹورازم کو فروغ دینا چاہیے اور ملتان، لاہور اور شمالی علاقہ جات پرمشتمل خصوصی ٹورسٹ پیکجز ترتیب دیے جائیں تاکہ بنگلہ دیشی سیاح پاکستان کا دورہ کریں اوردونوں ممالک کے ثقافتی و تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں۔بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین نے یہاں ملتان چیمبر میں چیمبر کے صدر میاں بختاورتنویر شیخ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران نائب صدر محمد اظہر بلوچ، خواجہ سہیل طفیل، عمار یاسر، احتشام الحق اور سیکریٹری جنرل محمد شفیق سمیت دیگر عہدیدا ران بھی موجود تھے۔








