وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی صحافیوں سے گفتگو

96

اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ طورخم اور چمن کے علاوہ افغانستان سے ملحقہ باقی پانچ سرحدوں پر بھی آمدورفت کا جدید بائیو میٹرک نظام اور آئن لائن ویزہ شروع کیا جائے گا، ہزاروں لوگ پاکستان میں ویزہ لے کر آئے اور لاپتہ ہو گئے، وہ مہلت سے فائدہ اٹھائیں ورنہ سخت کارروائی کی جائے گی، ملکی سلامتی کے محافظ اداروں پر تنقید کرنے والے اقتدار کے بھوکوں کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا وہ اپنا ہی نقصان کریں گے، نواز شریف کی سیاست دم توڑتی نظر آ رہی ہے، کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کی کوئی خبر نہیں، مفاہمت سے معاملات حل کرنا چاہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نیشنل ایکشن پلان کے جائزہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان کے لیے آن لائن ویزہ کا اجراء جلد کیا جا رہا ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر پرمٹ اور دیگر معاملات کے حوالے سے شکایات دس دن میں حل کریں گے، آن لائن انٹری اور آن ارائیول ویزہ کا نظام افغانستان سے ملحقہ تمام سرحدوں پر شروع کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم سیّد یوسف رضا گیلانی اپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے درخواست دیں یا عدالت کے ذریعے رجوع کریں، ہم ان کے کیس کا جائزہ لیں گے۔ مریم نواز کی طرف سے ملکی اداروں پر تنقید کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک فوج اور ادارے ملکی سلامتی کے ضامن ہیں، ان پر تنقید سے اقتدار کے بھوکوں کو کچھ نہیں ملے گا، یہ اپنا ہی نقصان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھتیجی چچا کے لیے راستہ نہیں نکالنا چاہتی، کمپنی کی مشہوری کے لیے اداروں کو نشانہ بنانے کی روش پر گامزن ہیں، ساری دنیا میں ہمارے اداروں کی کارکردگی اور صلاحیت کا اعتراف کیا جاتا ہے، جس طرح کی سخت تنقید اداروں پر کی جا رہی ہے یہ اس ملک میں آزادی اظہار کی صورتحال کو واضح کرتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پہلے اس ملک میں کوئی ریکارڈ نہیں تھا کہ سرحدوں پر کیا آمدورفت ہو رہی ہے، ہزاروں لوگ ویزہ لے کر آئے اور لاپتہ ہو گئے، ہم انہیں ایمنسٹی دینے جا رہے ہیں کہ وہ درخواست دیں اور ملک سے نکل جائیں ورنہ کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی سیاست دم توڑ چکی ہے، اگر وطن واپس آنا چاہتے ہیں تو درخواست دیں، انہیں 24 گھنٹے میں پاسپورٹ جاری کر دیں گے لیکن سیاسی گند نہ ڈالیں کیونکہ اس کی چھینٹیں ان پر ہی پڑیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پنڈورا پیپرز کی تحقیقات کی ہدایت کر دی ہے۔

کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر مذاکرات ہو رے ہیں تو مجھے معلوم نہیں، ٹی ٹی پی میں ری گروپنگ ہو رہی ہے، تین چار گروپ شامل ہوئے ہیں، ہم مفاہمت چاہتے ہیں لیکن ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغانستان کی انسانی بنیادوں پر مدد کرنا ہمارا فرض ہے، ان کی تکلیف ہماری تکلیف ہے لیکن ان کو تسلیم کرنے کا فیصلہ دنیا کے ساتھ مل کر کریں گے، ہمیں نورستان کنڑ سمیت ہر جگہ کی خبر ہے، ہم مفاہمت کے قائل ہیں لیکن ملکی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، خطے میں 20 سال بعد بڑے تبدیلی آئی ہے، دشمن ہماری سرحدوں پر خلفشار چاہتا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا کہ ڈالرز کی ہولڈنگ پر نظر رکھی ہوئی ہے، عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے وزیراعظم عمران خان بہت کوشش کر رہے ہیں، اشیائے ضروریہ اور ادویہ کو سستا کیا جائے گا۔