اقوام متحدہ کے عالمی تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہیے اور اسے اپنے فائدے کے لیے استعمال کرنا چاہیے،وفاقی وزیر رانا تنویر حسین

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے 18 مئی 2022 کو اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ (UNFPA)، پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن (PBSA) اور اے سی ٹی انٹرنیشنل کے وفد کا استقبال کیا۔ جس میں وزارت کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔رانا تنویر نے وفد کا خیر مقدم کیا اور انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کرنا ناگزیر ہے۔ وزیر نے کہا کہ ہمیں اقوام متحدہ کے عالمی تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہیے اور اسے اپنے فائدے کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور کامیاب نوجوان کا مطلب کامیاب پاکستان ہے۔ اس لیے ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ نوجوانوں میں مجموعی زندگی کی مہارتیں شامل ہوں۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت، یو این ایف پی اے، پی بی ایس اے اور اے سی ٹی انٹرنیشنل کے درمیان تعاون انتہائی نتیجہ خیز ثابت ہو سکتا ہے۔وفاقی وزیر کو ان تنظیموں کے نمائندوں نے پاکستان میں ان کے کام کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر نے آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور جنوبی پنجاب کے پرائمری سکولوں کے اساتذہ کو لائف سکلز فراہم کرنے میں ان کے کام کو سراہا۔

وزیر کو بتایا گیا کہ زندگی کی مہارتیں جن میں کمیونیکیشن سکلز اور گفت و شنید کی مہارتیں شامل ہیں کو ان تربیتوں میں اولین ترجیح دی گئی ہے کیونکہ یہ مہارتیں کامیاب اور نتیجہ خیز افراد پیدا کرنے کے لیے ناگزیر ہیں جو معاشرے کی فلاح میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔تمام شرکاء نے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کرنے پر اصولی طور پر اتفاق کیا تاکہ ان منصوبوں کے نفاذ اور ان کی رسائی کو بڑھایا جا سکے۔ اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزیر رانا تنویر نے شرکاء کو سووینئر پیش کیا۔