واشنگٹن۔28جون (اے پی پی):امریکا نے اسرائیلی اور عرب وزرائے خارجہ کو نیٹو سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دے دی۔ فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے کئی عرب ممالک اور اسرائیل کے وزرائے خارجہ کو آئندہ ماہ واشنگٹن میں نیٹو کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہو نے والے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جن عرب ممالک کو نیٹو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے ان میں مصر، اردن، قطر، تیونس، متحدہ عرب امارات اور بحرین شامل ہیں۔
عرب ممالک کے ساتھ ساتھ امریکا نے 30 سےزیادہ دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ کو بھی اس اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے جن میں جاپان، آسٹریلیا اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔ نیٹو کے سیکرٹری جنرل سٹولٹن برگ نے اتحاد کے رکن تمام 32 ممالک کے سربراہان مملکت اور حکومت کے علاوہ نیٹو کے انڈو پیسیفک پارٹنر ممالک کے رہنماؤں کو بھی اجلاس میں مدعو کیا ہے ۔