انارکلی بم دھماکہ میں ملوث 2 دہشت گرد مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے، ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب

لاہور۔4جون (اے پی پی):انارکلی بم دھماکہ میں ملوث 2 دہشت گرد مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے۔ترجمان کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب (سی ٹی ڈی)کے مطابق انارکلی بم دھماکہ میں ملوث 2 دہشت گردوں عبد الرزاق اور ثنااللہ کو گزشتہ ماہ ایک خفیہ آپریشن کر کے بھاری اسلحے سمیت گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے خلاف تحقیقات جاری تھیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اسی تحقیقات اور ملزمان کی نشاندھی پر ان کی طرف سے چھپائے گئے باقی اسلحہ و بارود کی ریکوری کے لیے جھوکر پنڈ، بادامی باغ لے جایا جا رہا تھا کہ بادامی باغ فلور مل کے قریب ملزمان کے نامعلوم 4 ساتھیوں نے ملزمان کو چھڑانے کی غرض سے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے گرفتار دونوں دہشت گرد ہلاک جبکہ حملہ آور اور ان کے چاروں ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس نے ملزمان کے ٹھکانے سے 44بور کی ایک رائفل اور دیگر بارودی مواد برآمد کر لیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔