انسداد منشیات فورس کی منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں، 2 کروڑ44 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد ،7 ملزمان گرفتار

124

اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف6 تازہ ترین کارروائیوں میں 2 کروڑ44 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 101.120 کلوگرام منشیات برآمد کر کے7 ملزمان کوگرفتار کر لیا۔

اے این ایف کے ترجمان کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق تازہ ترین کارروائیوں میں 2 کروڑ 44 لاکھ سے زائد مالیت کی 101.120 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ سے 2.060 کلو گرام آئس برآمد کر لی گئی۔

کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ کے لئے روانہ ہونے والے مسافر کے بیگ سے1.060 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔

بلوچستان میں ضلع حب کے غیر آباد علاقے سے 25 کلو افیون اور 7 کلو ہیروئن برآمد کر لی گئی اسی طرح اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے پر تبلیغی مرکز کے بالمقابل گاڑی سے 24 کلو چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ۔

جی ٹی روڈ اسلام آباد کے قریب ایک کارروائی میں گاڑی میں مہارت سے چھپائی گئی 24 کلو چرس برآمد کر لی گئی ۔

رنگ روڈ پشاور کے قریب گاڑی کے خفیہ خانے میں چھپائی گئی 18 کلو گرام چرس برآمد کر لی گئی۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔