اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا بی سی آئی سروے 2025ء، پاکستان میں کاروباری اعتماد 7 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کے تازہ ترین بزنس کانفیڈنس انڈیکس (بی سی آئی) سروے 2025 ءکے مطابق پاکستان میں کاروباری اعتماد گزشتہ سات برسوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جو ملکی معیشت میں بہتری، پالیسیوں کے تسلسل اور حکومتی اصلاحات پر اعتماد کا مضبوط اظہار ہے۔سروے میں شامل او آئی سی سی آئی کی 200 …

اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کے تازہ ترین بزنس کانفیڈنس انڈیکس (بی سی آئی) سروے 2025 ءکے مطابق پاکستان میں کاروباری اعتماد گزشتہ سات برسوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جو ملکی معیشت میں بہتری، پالیسیوں کے تسلسل اور حکومتی اصلاحات پر اعتماد کا مضبوط اظہار ہے۔سروے میں شامل او آئی سی سی آئی کی 200 سے زائد بین الاقوامی سرمایہ کار کمپنیوں نے بتایا کہ پاکستان میں معاشی سرگرمیوں کا رجحان مثبت سمت میں تیزی سے بڑھ رہا ہے اور کاروباری ماحول گزشتہ چند برس کے مقابلے میں زیادہ مستحکم، دوستانہ اور پراعتماد نظر آ رہا ہے۔

او آئی سی سی آئی جو پاکستان میں 200 سے زائد بین الاقوامی کمپنیوں کی نمائندگی کرتا ہے اور 13 اہم معاشی شعبوں میں سرگرم ہے، نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک میں کاروباری ماحول تیزی سے بہتر ہو رہا ہے۔سروے کے مطابق بزنس کانفیڈنس انڈیکس 11 پوائنٹس سے بڑھ کر 22 فیصد پر پہنچ گیا۔سروسز سیکٹر 24 فیصد اضافے کے ساتھ نمایاں طور پر سرفہرست رہا۔ریٹیل اور مینوفیکچرنگ سیکٹرز میں بھی نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ میں بتایا گیاکہ بڑے شہروں میں کاروباری اعتماد 14 فیصد سے بڑھ کر 23 فیصد تک پہنچا۔چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں اعتماد منفی 3 فیصد سے بڑھ کر 19 فیصد تک ریکارڈ کیا گیا۔او آئی سی سی آئی کے رکن اداروں نے کہا کہ کاروباری اعتماد میں 17 فیصد سے 27 فیصد تک اضافہ رپورٹ کیا۔

سرمایہ کاری کے انڈیکس میں منفی 4 سے بڑھ کر 12 فیصد تک بہتری ظاہر کی۔یہ نتائج پاکستان میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے رجحان اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کی عکاسی کرتے ہیں۔سروے رپورٹ کے مطابق نئے آرڈرز 26 فیصد سے بڑھ کر 41 فیصد تک پہنچ گئے۔نئی ملازمتوں کے انڈیکس میں 16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو روزگار کے مواقع بڑھنے کی نوید ہے۔

او آئی سی سی آئی کے صدر یوسف حسین نے کہا کہ یہ نتائج ’’کاروباری اعتماد میں مثبت اور حوصلہ افزاء تبدیلی‘‘ کی علامت ہیں۔سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی جامع اصلاحات، پالیسی ہم آہنگی اور سرمایہ کار دوست ماحول نے پاکستان میں معاشی استحکام کی بنیاد مضبوط کی ہے جس کے ثمرات بزنس کانفیڈنس انڈیکس میں واضح طور پر سامنے آ رہے ہیں۔پاکستان میں کاروباری توسیع اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد سے ملکی معیشت کے استحکام اور پائیدار ترقی کو مزید تقویت مل رہی ہے۔