اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق سوئی کمپنیوں کی جنوری 2025 کے لئے ری گیسیفائیڈ لیکوئڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی قیمتوں کا تعین کر کے ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے ہوگا ۔ ترجمان اوگرا عمران غزنوی کے جاری بیان کے مطابق آر ایل این جی کی قیمتوں میں کمی و بنیادی طور ایس این جی پی ایل کے آر ایل این جی کی فروخت کی قیمت میں شامل قیمت کے (ڈفرینشل) فرق میں کمی کی وجہ سے ہے تاہم آر ایل این جی ایس ایس جی سی ایل کی قیمت (ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن) میں معمولی اضافہ ڈلیوری ایکس شپ (ڈی ای ایس) کی قیمت میں معمولی اضافے کی وجہ سے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے صارفین کے لیے قیمتوں میں گزشتہ ماہ (دسمبر 2024) کے مقابلے میں آر ایل این جی کی قیمت میں 1.81 فیصد یا 0.2330 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کمی ہوئی ہے جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) صارفین کے لیے قیمتوں میں گزشتہ ماہ (دسمبر 2024) کے مقابلے میں 0.0558 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو یا 0.45 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اوگرا نے جمعہ کو جاری اپنے نوٹیفکیشن میں ایس این جی پی ایل صارفین کے لیے آر ایل این جی کی اوسط فروخت کی قیمت 12.6667 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اور ایس ایس جی سی ایل صارفین کے لئے 12.6014 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی ہے۔ترجمان نے کہا کہ دسمبر کے مہینے کے لئے ریگولیٹر نے ایس این جی پی ایل صارفین کے لئے آر ایل این جی ڈسٹری بیوشن قیمت 12.8997 ڈالر /ایم ایم بی ٹی یو اور ایس ایس جی سی ایل صارفین کے لئے 12.5456 ڈالر /ایم ایم بی ٹی یو کے طور پر نوٹیفائی کی تھی۔آر ایل این جی قیمتوں کا نوٹیفکیشن اوگرا ویب سائٹ پر موجود ہے۔