آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے وارم اپ مرحلے میں آخری پانچ میچز کل کھیلے جائیں گے

جوہانسبرگ۔7فروری (اے پی پی):آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے آٹھواں ایڈیشن سے قبل وارم اپ مرحلے میں آخری پانچ میچز(کل) بدھ کو کھیلے جائیں گے ، میگا ایونٹ سے قبل ہر ٹیم نے دو، دو وارم اپ میچ کھیلنے ہیں۔ نیوزی لینڈ،سری لنکا ،انگلینڈ،دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور پاکستان نے ورام اپ مرحلے میں اپنے پہلے پہلے میچ جیت لئے ہیں۔ میگا ایونٹ کے وارم اپ مرحلے کے آخری پانچ میچز کل بدھ کو کھیلے جائیں گے۔

پہلا میچ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، دوسرا میچ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور آئرلینڈ کی ویمن ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، تیسرا میچ میزبان جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا، چوتھا میچ سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جبکہ پانچواں اور آخری میچ بھارت اور بنگلہ دیشی خواتین ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیراہتمام ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 10 سے26فروری تک جنوبی افریقا کے تین شہروں میں کھیلا جائے گا جس میں 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا ،بنگلہ دیش ،نیوزی لینڈ،میزبان جنوبی افریقا اور سری لنکاشامل ہیں۔

اسی طرح گروپ بی میں انگلینڈ،بھارت،آئرلینڈ،پاکستان اور ویسٹ اندیزشامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کا پہلا رائونڈ 10 فروری سے شروع ہوگا جس میں سے ناک آئوٹ مرحلے سیمی فائنل کیلئے 4 ٹیمیں کوالیفائی کریں گی۔ میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 23 فروری جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 24 فروری کو کھیلا جائے گا ۔ میگا ایونٹ کا فائنل میچ 26فروری کو کھیلا جائے گا۔