قاہرہ میں پاکستان کے سفارتخانے میں یوم پاکستان کے موقع پر تقریب کا انعقاد

اسلام آباد۔ (اے پی پی):مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پاکستان کے سفارتخانے میں یوم پاکستان کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی۔ مصر میں پاکستان کے سفیر ساجد بلال نے قومی ترانے کی دھن پر پاکستان کا جھنڈا لہرایا۔ تقریب میں پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعائیں بھی مانگی گئیں۔ اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

مصر کے ایوان صدر کے چیمبرلین عبدالعزیز الشریف نے پاکستان کے سفیر سے ملاقات کی اور یوم پاکستان کے موقع پر مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی طرف سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔ قبل ازیں یوم پاکستان کے حوالے سے سفارت خانے نے قاہرہ میں پاکستان اور مصر کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر بھی ایک شاندار استقبالیہ کا اہتمام بھی کیا۔ اس موقع پر مصر کے پبلک بزنس سیکٹر کے وزیر انجینئر محمود عصمت نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

استقبالیہ میں اپنے خیرمقدمی کلمات میں سفیر نے قومی دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ پاکستان کو امن، خوشحالی اور ترقی یافتہ بنانے کے ہمارے عزم کا اعادہ کرنے کا موقع ہے۔ دو طرفہ تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سفیر نے کہا کہ پاکستان تعلقات کو پائیدار شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے یہ کہا کہ گزشتہ برسوں میں بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات پاکستان اور مصر کے درمیان سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی تعاون کو مضبوط بنانے کا باعث بنی ہیں۔ استقبالیہ میں مصری حکومت کے عہدیداران، ارکان پارلیمنٹ، سفارتی کور، تاجر برادری، ماہرین تعلیم اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔