ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے وسیع منصوبوں پر روشنی ڈالی اور اتحادی ممالک سے سمارٹ ایکوزیشنز، انفراسٹرکچر کی توسیع اور ٹریننگ کی از سر نو تشکیل کے مختلف منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔ ائیر چیف نے دونوں ممالک کی افواج کے مابین عسکری تعاون اور تربیتی شعبے میں پہلے سے موجود دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔

ایرانی سفیر نے پاک فضائیہ کی جانب سے خود انحصاری کے میدان میں کی جانے والی غیر معمولی پیش رفت کو سراہا اور پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ انہوں نے تربیتی شعبے اور نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں دوطرفہ عسکری تعلقات اور ہوا بازی کی صنعت میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔سربراہ پاک فضائیہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر کے مابین یہ ملاقات دونوں ممالک کی جانب سے پرامن اور مستحکم خطے کے لیے باہمی اشتراک کے عزم اور لازوال دوستی کا مظہر ہے۔