اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج لمیٹڈ (پی ایم ای ایکس) کو نیئمٹ کولیٹرل مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ (این سی ایم سی ایل ) میں اکثریتی حصص کے حصول کی منظوری دے دی ۔ یہ اہم پیش رفت پاکستان کے الیکٹرانک ویئرہاؤس رسید (ای ڈبلیو آر) کے نظام کی تیز رفتار ترقی اور زرعی مارکیٹ کے بنیادی ڈھانچے کے …
ایس ای سی پی نے پی ایم ای ایکس کی این سی ایم سی ایل میں سٹریٹجک شراکت داری کی منظوری دے دی

مزید خبریں
اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج لمیٹڈ (پی ایم ای ایکس) کو نیئمٹ کولیٹرل مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ (این سی ایم سی ایل ) میں اکثریتی حصص کے حصول کی منظوری دے دی ۔ یہ اہم پیش رفت پاکستان کے الیکٹرانک ویئرہاؤس رسید (ای ڈبلیو آر) کے نظام کی تیز رفتار ترقی اور زرعی مارکیٹ کے بنیادی ڈھانچے کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گی۔
جمعہ کو ایس ای سی پی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پی ایم ای ایکس اور این سی ایم سی ایل کا انضمام ایس ای سی پی کے اس وژن سے ہم آہنگ ہے جس کے تحت کموڈیٹی فیوچرز مارکیٹ کو حقیقی معیشت سے مزید مؤثر انداز میں جوڑا جا رہا ہے، یہ اقدام زرعی ویلیو چین کی جدیدیت کے لئے ٹیکنالوجی پر مبنی حل اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون کے ایس ای سی پی کے جاری اقدامات کا تسلسل بھی ہے۔
خاص طور پرگزشتہ سال حکومتِ پنجاب کی جانب سے گندم ذخیرے کے لئے ای ڈبلیو آر سسٹم کے کامیاب نفاذ نے اس ماڈل کی افادیت کو واضح کیا تھا جبکہ موجودہ فیصلہ اس نظام کو وسیع پیمانے پر اپنانے اور طویل المدتی فوائد کی راہ ہموار کرے گا۔الیکٹرانک ویئرہاؤس رسید (ای ڈبلیو آر ) ایک محفوظ، ڈیجیٹل نظام ہے جو کسانوں اور ویئرہاؤس آپریٹرز کو ذخیرہ شدہ زرعی اجناس کو ایک قابل تصدیق اور قومی سطح پر تسلیم شدہ رجسٹری میں درج کرنے کی سہولت دیتا ہے۔
مقدار اور معیار کے درست اندراج سے یہ رسیدیں کسانوں اور کاروباری اداروں کو مالی معاونت حاصل کرنے، اپنی پیداوار فروخت کرنے یا کموڈٹی ٹریڈنگ میں حصہ لینے میں مدد دیتی ہیں۔ ای ڈبلیو آر نظام کے مرکزی ادارے کے طور پر این سی ایم سی ایل ویئرہاؤس کی منظوری، الیکٹرانک رسیدوں کی رجسٹری کے انتظام اور پورے عمل میں شفافیت و اعتماد کو یقینی بناتا ہے۔
این سی ایم سی ایل کے مضبوط آپریشنز کے بغیر یہ نظام مؤثر طریقے سے کام نہیں کر سکتا اور اس سے کسانوں کو مالیاتی رسائی اور مارکیٹ تک رسائی میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔این سی ایم سی ایل کے بطور بنیاد کام کرنے کے ساتھ پی ایم ای ایکس کی قائدانہ صلاحیت، ادارہ جاتی مہارت اور گورننس کا تجربہ اس نظام کی توسیع، زیادہ ویئرہاؤسز کی منظوری، ذخیرہ شدہ اجناس پر اعتماد میں اضافہ، اور کسانوں و ایگرو بزنسز کے لئے مالی رسائی میں بہتری لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
مضبوط ہوتی ہوئی یہ بنیاد مستقبل میں قابلِ ڈیلیوری زرعی فیوچرز کنٹریکٹس کے اجراء کی راہ بھی ہموار کرے گی جس سے پاکستان کی کموڈیٹی مارکیٹس عالمی بہترین طریقوں کے مزید قریب آ جائیں گی اور مارکیٹ میں شمولیت بڑھے گی۔ایس ای سی پی نے پی ایم ای ایکس کے بورڈ اور انتظامیہ کو ان کی دور اندیشی اور پاکستان کی کموڈٹی مارکیٹ کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے عزم پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ یہ سنگِ میل ملک میں ایک زیادہ شفاف، مؤثر اور مضبوط زرعی مارکیٹ کے قیام کی طرف اہم پیش رفت ہے۔






