اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے سوشل میڈیا اور واٹس ایپ گروپس کے ذریعے غیر قانونی سرمایہ کاری اور تجارتی پلیٹ فارمز کو دھوکہ دہی سے فروغ دینے والے غیر مجاز افراد اور گروپس کی نشاندہی کی ہے۔ یہ ادارے لائسنس یافتہ سکیورٹیز بروکرز کے ناموں کے ساتھ ساتھ مشہور شخصیات، فن فلوئنسرزاور بروکریج ایگزیکٹوز کی تصاویر کا غلط استعمال کر …
ایس ای سی پی کا لائسنس یافتہ بروکریج ہائوسز کے ناموں اور مشہور شخصیات، فن فلوئنسرز اور بروکریج ایگزیکٹوز کے ناموں کا غلط استعمال کرنے والی غیر قانونی ٹریڈنگ ایپلی کیشن بارے انتباہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے سوشل میڈیا اور واٹس ایپ گروپس کے ذریعے غیر قانونی سرمایہ کاری اور تجارتی پلیٹ فارمز کو دھوکہ دہی سے فروغ دینے والے غیر مجاز افراد اور گروپس کی نشاندہی کی ہے۔ یہ ادارے لائسنس یافتہ سکیورٹیز بروکرز کے ناموں کے ساتھ ساتھ مشہور شخصیات، فن فلوئنسرزاور بروکریج ایگزیکٹوز کی تصاویر کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔
ایس ای سی پی نے "TSLWEA/TSL WEALTH” کے عنوان سے ایک موبائل/ویب ایپلیکیشن کی نشاندہی کی ہے جو لائسنس یافتہ سکیورٹیز بروکر ٹاپ لائن سکیورٹیز لمیٹڈ کی نقالی کر رہی ہے۔ مزید برآں "A103-Topline Stock Strategies Hub” نام کا ایک واٹس ایپ گروپ بھی "TSLWEA/TSL WEALTH” ایپلیکیشن اور ای پر مبنی تجارتی نظام کو ٹاپ لائن سکیورٹیز لمیٹڈ کے ساتھ جوڑ رہا ہے۔عوام کو مطلع کیا گیا ہے کہ “TSLWEA/ TSL WEALTH” نہ تو ایس ای سی پی سے لائسنس یافتہ ہے اور نہ ہی مجاز کہ وہ پاکستان سٹاک ایکسچینج لمیٹڈ (پی ایس ایکس) یا کسی دیگر ریگولیٹڈ مارکیٹ کے لیے کوئی سرمایہ کاری یا ٹریڈنگ پلیٹ فارم چلائے۔
ایس ای سی پی نے یہ بھی دیکھا ہے کہ سوشل میڈیا پر اے آئی سے تیار کئے گئے ایسے اشتہارات چل رہے ہیں جن میں مشہور شخصیات، فن فلوئنسرز اور معروف بروکریج ہائوسز کے افسران کی تصاویر استعمال کی گئی ہیں۔ یہ گمراہ کن اشتہارات عوام کو لسٹڈ کمپنیوں کے شیئرز میں سرمایہ کاری کے نام پر مختلف واٹس ایپ گروپس میں شامل ہونے پر اکساتے ہیں۔ ایس ای سی پی نے خبردار کیاہے کہ ایسے تمام گروپس غیر قانونی ہیں اور ان میں شامل ہونے والے افراد کو مالی نقصان کا شدید خطرہ ہے۔
محفوظ اور جائز ٹریڈنگ کے لیے ایس ای سی پی عوام کو مشورہ دیتی ہے کہ صرف ایس ای سی پی سے لائسنس یافتہ سکیورٹیز اور فیوچرز بروکرز ہی سے رابطہ کریں۔ لائسنس یافتہ بروکرز کی فہرست پی ایس ایکس اور پی ایم ای ایکس کی سرکاری ویب سائٹس پر دستیاب ہے۔ایس ای سی پی سرمایہ کاروں پر زور دیتا ہے کہ وہ محتاط رہیں، جعلی پلیٹ فارمز سے بچیں اور کسی بھی سرمایہ کاری سروس کو رقم یا ذاتی معلومات دینے سے پہلے اس کی اصل حیثیت ضرور چیک کریں۔
ایس ای سی پی نے شناخت شدہ غیر مجاز پلیٹ فارمز کی رپورٹ گوگل، پی ٹی اے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کر دی ہے۔ایس ای سی پی عوام کو سختی سے خبردار کر تاہے کہ وہ “TSLWEA/ TSL WEALTH” ایپلیکیشن یا کسی بھی ایسے فرد یا گروپ کے ذریعے کوئی رقم جمع نہ کروائیں اور نہ ہی سرمایہ کاری کریں جو غیر قانونی سرمایہ کاری پلیٹ فارمز کو کسی بھی شکل میں فروغ دے رہے ہوں۔








