ایس ای سی پی کی رپورٹ، ایس آئی ایف سی کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت، غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی حالیہ رپورٹ نے اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر حکمتِ عملی کو درست ثابت کرتے ہوئے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی واضح تصویر پیش کر دی ہے۔ ایس آئی ایف سی کے اقدامات کے نتیجے میں ملک میں کاروباری مواقع میں غیر معمولی وسعت اور …

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی حالیہ رپورٹ نے اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر حکمتِ عملی کو درست ثابت کرتے ہوئے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی واضح تصویر پیش کر دی ہے۔ ایس آئی ایف سی کے اقدامات کے نتیجے میں ملک میں کاروباری مواقع میں غیر معمولی وسعت اور عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ایس ای سی پی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سات ماہ کے دوران 14 بین الاقوامی کمپنیوں کی پاکستان میں رجسٹریشن مکمل ہوئی، جو کہ عالمی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ ان کمپنیوں کا تعلق چین، ڈنمارک، ہانگ کانگ، جاپان، سنگاپور، اسپین، ترکی، امریکہ اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک سے ہے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں چین 67 فیصد حصے کے ساتھ سرفہرست رہا جو کہ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط اقتصادی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ، سروسز اور تجارت جیسے اہم شعبوں میں 618 نئی کمپنیوں میں ایک ارب 10 کروڑ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی، جس سے ملکی معیشت کو نئی توانائی ملی ہے۔ماہرین کے مطابق غیر ملکی کمپنیوں کی پاکستان میں آمد ملکی اقتصادی صلاحیت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی علامت ہے۔

اس سرمایہ کاری سے نہ صرف معیشت کو استحکام ملے گا بلکہ روزگار کے لاکھوں نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے، جو عوامی خوشحالی اور صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔عالمی شراکت داری کے ذریعے پاکستانی صنعت کو جدید ٹیکنالوجی، بہتر پیداواری نظام اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی حاصل ہوگی،

جس سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور صنعتوں کی مسابقتی صلاحیت میں نمایاں بہتری آئے گی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایس آئی ایف سی کے موثر کردار کے باعث پاکستان سرمایہ کاری، کاروباری توسیع اور عالمی شراکت داری کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے، جو مستقبل میں معاشی ترقی، صنعتی استحکام اور پائیدار خوشحالی کی بنیاد ثابت ہوگا۔