لاہور۔14اکتوبر (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلا س کاانعقاد خوش آئند ہے،اجلاس میں بیس ممالک کے سربراہان کی شرکت پاکستان پر اعتماد کا اظہار ہے، اس اجلاس کے انعقاد سے پاکستان کی ترقی کیلئے نئی راہیں کھلیں گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز یہاں گورنر ہائوس لاہور میں ڈسٹرکٹ شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے تنظیمی عہدیداران ، ٹکٹ ہولڈرز اور کارکنان سے ملاقات کے دوران کیا۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان میں معیشت میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیس سربراہان کی پاکستان آمد اس امرکا ثبوت ہے کہ پاکستان کی ساکھ عالمی سطح پر بہتر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس سی او کی پاکستان میں میزبانی پر وفاقی حکومت اور تمام ادارے مبارک باد کے مستحق ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ایس سی او کانفرنس پاکستان کی معاشی ترقی کی کنجی ہے جس کے بعد پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایس سی او اجلاس کے موقع پر پی ٹی آئی کا احتجاج ملکی مفاد کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اس موقع پر احتجاج ملکی ترقی کو روکنے کے مترادف ہے جسے عوام بھی مستردکرتی ہے۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ملک و قوم کی بہتری کے لئے اپوزیشن سمیت سب کو مثبت کردار ادا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے پیپلزپارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کیلئے کھلے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب سمیت ملکی سطح پر بھی موثر کردار ادا کر رہی ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کو جو بھی مسائل درپیش ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اس موقع پر پیپلزپارٹی شیخوپورہ کے وفد نے گورنر پنجاب کو شیخوپورہ کے دورے کی دعوت دی جسے گورنر پنجاب نے قبول کرلیا اور جلد شیخوپورہ آنے کا وعدہ کیا۔