اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ،ممبر سینٹرل کور کمیٹی یونائٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی )احسن بختاوری نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی میزبانی میں ہونی والی شنگھائی کانفرنس پاکستان کےلئے تجارتی تعلقات کے فروغ اور سینٹرل ایشین ممالک کے ساتھ کنکٹویٹی کو بہتر بنانے کا نادر موقع ہے،ایس سی او رکن ممالک کی بڑی تعداد میں پاکستان آمد سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات کی راہ ہموار کرے گی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان طویل عرصے بعد اتنے بڑے عالمی فورم کی میزبانی کر رہاہے،ہمارے پاس یہ موقع ہے کہ اس کو تجارت میں اضافے،بزنس ٹو بزنس ریلیشن اور کنکٹویٹی بڑھانے کےلئے استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والا ایس سی او اجلاس حکومت کی بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے، پاکستان سرمایہ کاری، تجارت اور سیاحت کے لئے بہترین مقام بن سکتا ہے، بیرون ملک سے آنے والے وفود کو پاکستان کے سافٹ اور مثبت تشخص سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔انہوں نے اپیل کی کہ اس موقع پر احتجاج اور دھرنوں سے گریز کیا جانا چاہیے،اگر غیر ملکی مہمانوں کی پاکستان میں موجودگی کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ ہوا تو ہمیں بطور قوم شر مندگی اٹھانا پڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس کی میزبانی کےلئے سی ڈی اے نے اسلام آباد کو بھرپور طریقے سے تیارکیا ہے اس حوالے سے چیئر مین سی ڈی اےاور دیگر انتظامی افسران کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔