12.1 C
Islamabad
جمعرات, فروری 27, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںایف بی آئی کا شمالی کوریا کے ہیکرزپر دبئی کے کرپٹو کرنسی...

ایف بی آئی کا شمالی کوریا کے ہیکرزپر دبئی کے کرپٹو کرنسی ایکسچینج سے 1.5 بلین ڈالر کے ورچوئل اثاثوں کی چوری کا الزام

- Advertisement -

واشنگٹن۔27فروری (اے پی پی):امریکی ایجنسی ایف بی آئی نے شمالی کوریا کے ہیکرز پر دبئی میں قائم کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائی بٹ سے تقریباً 1.5 بلین ڈالر کے ورچوئل اثاثوں کی چوری کا الزام عائد کیا ہے۔ رشیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق اگرچہ ایف بی آئی نے ہیکنگ کی اس بڑی واردات کو شمالی کوریا کے کسی مخصوص گروپ سے منسوب نہیں کیا لیکن اس نے کہا کہ حملہ آوروں نے ٹریڈر ٹریٹر(Trader Traitor) نامی چیز کا استعمال کیا جو کہ نقصان دہ کرپٹو کرنسی ایپلی کیشنز کا ایک سیٹ ہے جو متاثرین کو ملازمت کی پیشکش کی آڑ میں میلویئر انسٹال کرنے کے لیے ٹریپ کرتی ہے۔

انسٹال ہونے کے بعد مالویئر ہیکرز کو مالیاتی نظام سے سمجھوتہ کرنے اور فنڈز چوری کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ایف بی آئی نے دعویٰ کیا کہ ہیکرز نے چوری شدہ اثاثوں کے کچھ حصوں کو تیزی سے بٹ کوائن اور دیگر کرپٹو کرنسیوں میں تبدیل کرنا شروع کر دیا اور انہیں متعدد بلاک چینز پر ہزاروں پتوں پر منتشر کر دیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے مبینہ مجرموں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ بعد میں فنڈز کی لانڈرنگ کریں گے اور پتہ لگانے سے بچنے کے لیے انہیں فیاٹ کرنسی میں تبدیل کر دیں گے۔ بائی بٹ ایکسچینج (جو 6 کروڑ سے زیادہ صارفین کوخدمات فراہم کرتا ہے) نے کہا ہے کہ یہ خلاف ورزی ڈیجیٹل والٹ کے درمیان معمول کی منتقلی کے دوران ہوئی ۔

- Advertisement -

ایکسچینج کے مطابق ہیکرز نے آف لائن سٹوریج سسٹم سے ٹریڈنگ کے لئے استعمال ہونے والے ہاٹ والٹ میں رقوم کی منتقلی کے عمل سے فائدہ اٹھایا اور تقریباً 401,000 ایتھریم ٹوکن ( 1.5 بلین ڈالر) چوری کئےاور انہیں کسی نامعلوم پتے پر منتقل کر دیا ۔بائی بٹ کے مطابق ہیکرز نے سگنیچر انٹرفیس کو دھوکہ دیا اور بنیادی سمارٹ کنٹریکٹ کی منطق کو تبدیل کرتے ہوئے صحیح پتہ ظاہر کیا۔

کمپنی نے کہا کہ اسےرقوم کی واپسی کے لئے ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں لیکن اس کارروائی میں تاخیر ہو سکتی ہے۔بائی بٹ نے سائبرسکیوریٹی اور بلاک چین فرانزک ماہرین سے چوری شدہ فنڈز کی بازیابی میں مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی رقم کی بازیابی پر اس میں معاونت کرنے والے کو 10 فیصد انعام دیا جائے گا۔شمالی کوریا نے ابھی تک ایف بی آئی کے الزامات پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=567082

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں