فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر کنٹرول مختلف رہائشی کالونیوں اور پرائیویٹ رہائشی سکیموں میں کمرشل پلاٹس، دکانات اور رہائشی پلاٹس کو نیلام عام کے ذریعے فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لئے نیلامی 22 جون کو گیارہ بجے دن ایف ڈی اے کمپلیکس بالمقابل سول ہسپتال میں منعقد ہوگی
ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول کمرشل پلاٹس، دکانات اور رہائشی پلاٹس کی نیلامی 22 جون کو ہوگی

مزید خبریں
فیصل آباد ۔ 09 جون (اے پی پی):فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر کنٹرول مختلف رہائشی کالونیوں اور پرائیویٹ رہائشی سکیموں میں کمرشل پلاٹس، دکانات اور رہائشی پلاٹس کو نیلام عام کے ذریعے فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لئے نیلامی 22 جون کو گیارہ بجے دن ایف ڈی اے کمپلیکس بالمقابل سول ہسپتال میں منعقد ہوگی۔ اس امر کا فیصلہ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ میاں اسد مجید و دیگر افسران موجود تھے۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ مختلف علاقوں میں واقع 126 پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں میں تعلیم و صحت سمیت مفاد عامہ کے لئے مختص مختلف رقبہ جات کے پبلک یوٹیلیٹی پلاٹس، احمد نگر اور ملت ٹاؤن، علامہ اقبال کالونی اور مدینہ ٹاؤن کے کمرشل سنٹرز میں مختلف رقبوں کی دکانات کو فروخت جبکہ ملت چوک گلستان کالونی میں واقع گلستان پلازہ کے اپر گراؤنڈ اور لوئر گرانڈ فلور میں 250 مربع فٹ کی 19 دکانات، فرسٹ فلور، سکینڈ فلور اور روف ٹاپ پر 6014 مربع فٹ کے ہال کرایہ پر دینے کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں مقررہ پرائس اسیسمنٹ کے تحت فی مرلہ ریزرو پرائس جاری کی دی گئیں ہیں جن کے مطابق نیلام عام میں بولی شروع کی جائے گی۔
ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج نے بتایاکہ مرینہ ٹاؤن میں ہاکی اسٹیڈیم سے ملحقہ 9.43 کنال رقبہ کے پلاٹ کی بولی وصول نہ ہونے کی صورت میں اس رقبہ کو برابر تین حصوں میں تقسیم کرکے کرایہ پر دینے کے لئے بولی میں پیش کیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا نیلامی کے لئے شرائط بھی طے کرلی گئی ہیں جن کے مطابق ہر بولی دھندہ کو نیلام عام سے قبل پراپرٹی کے سامنے درج زرضمانت بنک ڈرافٹ، پے آرڈر یا کیش کی صورت میں ایف ڈ ی اے کے مجاز افسر کے پاس جمع کروانا ہوگا۔ کامیاب بولی دھندہ کو زر نیلام کا 1/3حصہ تاریخ نیلامی سے سات یوم کے اندر جبکہ 2/3 حصہ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کی حتمی منظوری کے تیس یوم کے اندر جمع کروانا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ نیلامی کی شرائط سے متعلق تفصیلات / معلومات ایف ڈی اے کے متعلقہ دفتر سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا گیا کہ نیلامی میں خریدے یا کرایہ پر حاصل کئے پلاٹ کو کسی دیگر مقاصد کے لئے استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے نیلامی کے تمام عمل میں منظم وشفاف رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نیلام عام سے متعلق شہریوں کی آگاہی کے لئے زیادہ سے زیادہ تشہیر کی جائے۔







