اینٹی فاسفولیپڈ سنڈروم کی بر وقت تشخیص سے علاج ممکن ہے،ڈاکٹر نوید احمد سڈل

اینٹی فاسفولیپڈ سنڈروم ایک ایسی خودکار مدافعتی بیماری ہے جو خون کے غیر معمولی لوتھڑے بننے ، حمل سے متعلق پیچیدگیوں کا باعث بن سکتی ہے۔

سیالکوٹ۔ 09 جون (اے پی پی):اینٹی فاسفولیپڈ سنڈروم ایک ایسی خودکار مدافعتی بیماری ہے جو خون کے غیر معمولی لوتھڑے بننے ، حمل سے متعلق پیچیدگیوں کا باعث بن سکتی ہے۔ اس بیماری کے بارے میں عوام میں آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ بروقت تشخیص اور مناسب علاج کے ذریعے مریضوں کو بہتر زندگی فراہم کی جا سکے۔ جدید طبی سہولیات ماہر معالج کی رہنمائی سے اس بیماری کے اثرات کافی حد تک کم کیے جا سکتے ہیں ،عوام کو چاہیے کہ وہ صحت سے متعلق غیر معمولی علامات کو نظر انداز نہ کریں اور بروقت طبی مشورہ حاصل کریں۔ان خیالات کا اظہار ورلڈ اینٹی فاسفولیپڈ سنڈروم (APS) ڈے کے موقع پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی لوہاراں میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نوید احمد سڈل نے آگاہی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر نوید احمد سڈل نے اپنے خطاب میں کہاکہ صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے بیماریوں سے متعلق شعور اجاگر کرنا انتہائی ضروری ہے اور ایسے آگاہی پروگرام اسی مقصد کے حصول میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نےکہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی لوہاراں میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ عوام کو معیاری اور بروقت علاج کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔تقریب کے دوران شرکاکو اینٹی فاسفولیپڈ سنڈروم کی علامات، احتیاطی تدابیر اور علاج کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحت عامہ سے متعلق آگاہی مہمات کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو مختلف بیماریوں سے بچاؤ اور صحت مند طرزِ زندگی اختیار کرنے کے بارے میں موثر معلومات فراہم کی جا سکیں۔ تقریب میں ڈاکٹرز، طبی عملے اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔