ایڈیشنل کمشنر ودہولڈنگ ٹیکس کا ٹیکس ادائیگی کے حوالے سے شہر کے مختلف شادی ہالز کا دورہ

79

سرگودھا۔ 16 جنوری (اے پی پی):ایڈیشنل کمشنر ودہولڈنگ ٹیکس یاسمین صدف نے شہر کے مختلف شادی ہالز کا دورہ کیا۔کمشنر ودہولڈنگ ٹیکسز ،زون ریحنل ٹیکس آفس، سرگودھا راجہ بابر نواز کی خصوصی ہدایات پر ایڈیشنل کمشنر ودہولڈنگ ٹیکس سرگودھا یاسمین صدف نے سرگودھا شہر کے مشہور و معروف شادی ہالز کا سرپرائز وزٹ کیا اور مالکان سے ٹیکس کی ادائیگی کے متعلق استفسار کیا۔ اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ ٹیکس کی ادائیگی ایک اہم ترین قومی اور ریاستی فریضہ ہے اوراس سے روگردانی کرنا نہ صرف قانوناً بلکہ اخلاقاً بھی ایک سخت جرم ہے۔ کسی بھی ملک میں کاروبار حکومت اور جدید اور بہترین انفراسٹرکچر ٹیکس کی باقاعدہ اور مکمل ادائیگیوں کا مرہون منت ہوتا ہے۔

کسی بھی ریاست میں بہترین اور کشادہ سڑکوں کی تعمیر، جدید طبی اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی ، حقیقی فلاحی ریاست کا قیام، فوری عدل اور انصاف کے مستعد کا نفاذ اور مؤثر اور فعال اداروں کی تنظیم صرف اس وقت ہی ممکن ہوتی ہے جب اس ریاست کے شہری پوری ذمہ داری کے ساتھ اپنے ٹیکسز ادا کرتے ہیں۔ ٹیکس کی مکمل ادائیگیاں مہذب اور معاشی طور پر خوشحال معاشروں کا امتیازی وصف ہوتا ہے۔ انھوں نے ہالز مالکان کو ہدایت کی کہ اپنی قومی زمہ داری نبھاتے ہوئے ہر فنکشن پہ پورا ٹیکس لوگوں سے اکٹھا کرکے قومی خزانے میں جمع کروائیں اور مزید قانونی کاروائی سے بچیں۔اس موقع پہ ان کے ہمراہ ملک عاطف ممتاز آفسیر ان لینڈ ریونیو اور انسپکٹر محمد وسیم جسرا بھی تھے۔ واضح رہے کہ ایف بی آر نے ٹیکس نہ دینے والے ہالز کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور کریک ڈاؤن شروع کررکھا ہے۔