اے این ایف کی منشیات سمگلنگ کے خلاف کارروائیاں ، 418 کلو گرام منشیات برآمد،خاتون سمیت 5 ملزمان گرفتار

115
ANF ​​action
ANF ​​action

راولپنڈی۔7نومبر (اے پی پی):اے این ایف نے تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف 8 کارروائیوں میں ایک خاتون سمیت 5 ملزمان گرفتارکر لئے ۔اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری گزشتہ چوبیس گھنٹوں کی انسداد منشیات کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق ان کارروائیوں میں ساڑھے 7 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 418 کلو گرام منشیات برآمد کی گئیں ۔ترجمان اے این ایف کے مطابق مانسہرہ میں کارروائی کے دوران ملزم سے 900 گرام چرس برآمدکی گئی ،

گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے ۔اسلام آباد میں واقع کوریئر آفس میں نامعلوم مقام سے بھیجے گئے پارسل سے 630 گرام ویڈ برآمد کی گئی ۔اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والی مسافر خاتون کے جوتوں سے 296 گرام ہیروئن برآمدکی گئی۔اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب لاوارث گاڑی سے 9 کلو 600 گرام چرس برآمد کی گئی۔شیرشاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب ملزم سے 1 کلو 400 گرام چرس برآمد کی گئی ۔ڈی جی خان میں ٹونمی موڑ کے قریب ملزم سے 2 کلو 400 گرام چرس برآمد کی گئی۔

میانوالی میں کندیاں موڑ کے قریب مسافر وین میں سوار ملزم سے 2 کلو 500 گرام آئس برآمدکی گئی ۔ضلع واشوک کے علاقے ماشکیل میں سمگلنگ کیلئے چھپائی گئی 350 کلوگرام افیون اور 50 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ترجمان اے این ایف نے بتایاکہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔