اے این ایف کی کارروائیاں ، 6 ملزمان گرفتار ، 59 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

78

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف 7 تازہ کارروائیوں میں 6 ملزمان کو گرفتار کرکے 59 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 52.185 کلو گرام منشیات برآمد کرلی۔

ترجمان اے این ایف نے کہا ہے کہ منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے- اس سلسلے میں ایک کارروائی کے دوران لاہور ایئرپورٹ کے ذریعے کراچی بھیجے جانے والے پارسل سے سپیکر میں چھپائی گئی 25 گرام کوکین برآمد کر لی۔

اسی طرح موٹر وے ایم ون پشاور – اسلام آباد پر کار کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 21.6 کلو گرام چرس برآمد کر لی اورایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان نے کہا کہ نارووال روڈ لاہور کے قریب رکشہ سے 18 کلو چرس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ شیخوپورہ کے قریب کار میں چھپائی گئی 1.030 کلو ہیروئن، 4.8 کلو چرس اور 1.030 آئس برآمد کرکے ایک خاتون کو گرفتار کرلیا۔

جی ٹی روڈ جہلم کے قریب ملزم کے قبضے سے 2.5 کلو چرس برآمد کر لی گئی۔ سہراب گوٹھ کراچی کے قریب کار سے 2 کلو چرس برآمد کرکے ملزم گرفتار کرلیا۔اقبال شہید ٹول پلازہ اٹک کے قریب خاتون سے 1.2 کلو چرس برآمد کرلی۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔