بابراعظم نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین 3 ہزار رنز کا ورلڈ ریکارڈ برابر کردیا

لاہور۔30ستمبر (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ویرات کوہلی کا تیز ترین 3 ہزار رنز بنانے کا ورلڈ ریکارڈ برابر کردیا۔ جمعہ کو قذافی سٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف چھٹے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں شاندار نصف سنچری مکمل کرکے بابراعظم نے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔

بابراعظم نے اپنے کیریئر کی81 ویں اننگز میں تین ہزار رنز مکمل کیے’ ان سے قبل بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے بھی81 ٹی ٹونٹی اننگز میں تین ہزار رنز مکمل کرکے تیز ترین 3 ہزار رنز بنانے کا ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا۔ بابر اعظم ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں 3ہزار رنز بنانے والے دنیا کے پانچویں کھلاڑی ہیں۔

ان سے قبل بھارت کے ویرات کوہلی، روہت شرما، نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل اور آئرلینڈ کے پال سٹرلنگ بھی تین ہزار رنز بنا چکے ہیں۔ بابر اعظم نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں تین ہزار رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹر کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے۔