بارانی زرعی یونیورسٹی میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نئے تعلیمی پروگراموں کی منظوری

پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کی اکیڈمک کونسل کے 81ویں اجلاس میں روزگار کے بہتر مواقع، کاروباری رجحانات کے فروغ اور طلبہ کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے متعدد نئے ڈگری پروگراموں کی منظوری دے دی گئی۔

راولپنڈی۔9جون (اے پی پی):پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کی اکیڈمک کونسل کے 81ویں اجلاس میں روزگار کے بہتر مواقع، کاروباری رجحانات کے فروغ اور طلبہ کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے متعدد نئے ڈگری پروگراموں کی منظوری دے دی گئی ۔

فیکلٹیز کو مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کے کورسز اپنے نصاب کا لازمی حصہ بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں رجسٹرار محمد عقیل سلطان، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، اداروں کے ڈائریکٹرز، پروفیسرز اور ایسوسی ایٹ پروفیسرز نے شرکت کی۔اجلاس میں اکیڈمک کونسل کے 80ویں اجلاس کی کارروائی کی توثیق کے ساتھ ساتھ مختلف تعلیمی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اکیڈمک کونسل نے صنعتی ضروریات اور عصر حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے ڈگری پروگراموں کی منظوری دی۔ ان پروگراموں کا مقصد طلبہ کو مہارت پر مبنی تعلیم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ملازمت کے حصول کے ساتھ ساتھ کاروباری اور قائدانہ صلاحیتوں سے بھی مزین ہو سکیں اور خود روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں کردار ادا کریں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مصنوعی ذہانت سے متعلق کورسز کو تمام ڈگری پروگراموں میں شامل کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت اور مستقبل کی پیشہ ورانہ ضروریات سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے ڈینز اور ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ تعلیمی قواعد و ضوابط کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے طلبہ کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں اور ان کی مہارتوں، تحقیقی صلاحیتوں اور عملی استعداد میں مزید بہتری لانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم، تحقیق اور اختراع کے فروغ کے ذریعے طلبہ کو قومی و بین الاقوامی سطح پر درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے قابل بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اجلاس کے اختتام پر یونیورسٹی میں تعلیمی معیار کو مزید بلند کرنے، نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے اور تحقیق و جدت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

مزید خبریں