بارباڈوس رائلز اور جمیکا تلاوازکے درمیان کیریبین پریمیئر لیگ کا فائنل کل (جمعہ کو ) کھیلا جائے گا

کیریبین پریمیئر لیگ

گیانا۔29ستمبر (اے پی پی):بارباڈوس رائلز اور جمیکا تلاواز کی ٹیموں کے درمیان کیریبین پریمیئر لیگ کا فائنل میچ کل (جمعہ کو )پروویڈنس سٹیڈیم، گیانا میں کھیلا جائے گا۔

کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل )کا دسواں ایڈیشن جو ویسٹ انڈیز میں جاری ہے اپنے اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے۔بارباڈوس رائلز اور جمیکا تلاواز کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ بارباڈوس رائلز نے کوالیفائر ون میں گیانا ایمیزون واریئرز کو 87 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا جبکہ جمیکا تلاواز نے گیانا کو کوالیفائر ٹو میچ میں 37 رنز سے مات دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔

دونوں فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان فائنل میچ کل (جمعہ کو ) پروویڈنس سٹیڈیم، گیانا میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے فائنل میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اس اعتبار سے فائنل میچ میں کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔

بارباڈوس رائلز کی ٹیم فائنل میچ میں تیسری مرتبہ سی پی ایل ٹائٹل کے لئے پنجہ آزمائی کرے گی جبکہ جمیکا تلاواز کی ٹیم بھی تیسری مرتبہ ٹائٹل حاصل کرنے کے لئے کوشش کرے گی۔ دونوں فائنلسٹ ٹیمیں اس سے قبل دو، دو مرتبہ سی پی ایل کا ٹائٹل جیت چکی ہیں۔