
اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 28 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
پاکستان بیور و برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے دسمبر تک کی مدت میں بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات پر 210 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 28 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات پر 292 ملین ڈالر کازرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔ دسمبر 2023 میں بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات پر 30 ملین ڈالر خرچ ہوئے جو دسمبر 2022 کے مقالبہ میں 39 فیصد کم ہے۔
دسمبر 2022 میں بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات کاحجم 49 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیاتھا۔نومبر کے مقابلہ میں دسمبر میں بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 35 فیصد کی کمی ہوئی ۔ نومبر میں بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات کاحجم 47 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو دسمبر میں کم ہو کر 30 ملین ڈالر ہو گیا۔ واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں مشینری گروپ کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 11 فیصد کااضافہ ریکارڈکیاگیا ہے۔
مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں مشینری گروپ کی درآمدات کاحجم 3.60 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مشینری گروپ کی درآمدات کا حجم 3.23 ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا تھا۔